سی آئی اے پولیس نے سوشل میڈیا پر لڑکیوں کو بلیک میل کر کے پیسے بٹورنے والا ملزم گرفتار کر لیا

ہفتہ 14 اپریل 2018 21:30

گوجرانوالہ۔14 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2018ء) سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان کی ہدایات کے پیش نظر سی آئی اے پولیس نے عرصہ دراز سے سوشل میڈیا کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لڑکیوں کو بلیک میل کر کے ان سے پیسے بٹورنے والے ملزم مدثر ابراہیم سکنہ تلونڈی کھجور والی کو گرفتار کر لیا ،ملزم سوشل میٖڈیا پر فیک آئی ڈی بنا کر اور متعلقہ لڑکی کا کلاس فیلو بن کر پہلے ان سے تصاویر حاصل کرتا اور بعد میں بلیک میل کر کے پیسے بٹورتا تھا ، ملزم اب تک درجنوں لڑکیوں کو بلیک میل کرچکا ہے اور ٹریس نہیں ہو رہا تھا ، پولیس ٹیم نے متا ثرین سے اہم معلومات اکٹھی کیں اور ان کی روشنی میں پیشہ وارنہ مہارت کی بدولت جدید تکنیک ا ستعمال کرتے ہوئے ملزم مدثر ابراہیم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ،ملزم نے اقرار جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیس بک پر کالج اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم لڑکیوں کی فیس بک پر جعلی آئی ڈی بناتا اور اس آئی ڈی کے ذریعے لڑکی کی سہیلیوں سے دوستی کے ناطے ان کی تصاویر حاصل کرتا اور بعد ازاں انہیں مختلف رنگ میں آڈیٹنگ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دے کر انہیں بلیک میل کرتا اور لاکھوں روپے اور قیمتی اشیاء وصول کرتا ،ملزم نے اس شیطانی فعل کو رزق کے حصول کاطریقہ بنا رکھا تھا ، ملزم ریکارڈ یافتہ ہے اور تھانہ کینٹ میں ڈکیتی کے مقدمات میں مجرم اشتہاری ہے ، ملزم کے موبائل فون کا تجزیہ کیا جا رہا ہے ، جس سے کافی لڑکیوں کی تصاویر ملی ہیں جن کو بلیک میل کر کے ملزم پیسے بٹورتا رہا ہے ،دوران تفتیش ملزم سے رقم اور موبائل فون برآمدکر لیا گیاہے ۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں