گوجرانوالہ ڈویژن میں ووٹرز کی سہولت کیلئے ڈسپلے سنٹرز کی تعداد بڑھا کر 1500کردی گئی

پیر 16 اپریل 2018 23:01

گوجرانوالہ۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)الیکشن کمیشن نے گوجرانوالہ ڈویژن میں ڈسپلے سنٹرز کی تعداد434سے بڑھا کر 1500کردی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ڈسپلے سنٹرز رابطہ کرکے اپنے ووٹوں کا اندراج کرواسکیں۔ اس سے پہلے ڈویژن بھر میں376 ڈسپلے سنٹرز بنائے گئے تھے جن کی تعداد 434 کردی گئی تھی، تاہم اب دوسری مرتبہ تعداد بڑھانے اور 1500ڈسپلے سنٹرز کرنے کا مقصد لوگوں کی ڈسپلے سنٹرز تک رسائی کو آسان بنانا اور لوگوں کے ووٹوں کے اندراج و درستگی وغیرہ کے معاملات کو ان کے گھروں کے قریب ہی حل کرنا ہے تاکہ اگلے عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔

نئے احکامات کے مطابق گوجرانوالہ ضلع میں ڈسپلے سنٹرز کی تعداد 370، گجرات میں 331، سیالکوٹ میں 250، نارووال میں 246،حافظ آباد میں 161اور منڈی بہائوالدین میں 142کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ ڈویژن میں 7رجسٹریشن آفیسرز، 141 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کا تقرر کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ 27 ریوائزنگ اتھارٹیز بنائی گئی ہیں جوکہ 24اپریل تک کام کریں گی۔ ریجنل الیکشن کمشنر چودھری علیم شہاب اور الیکشن آفیسر عدنان سخاوت علی نے بتایا کہ ڈسپلے سنٹرز پر شہریوں کی بڑی تعداد آرہی ہے، گزشتہ شام تک مجموعی طور پر 15ہزار سے زیادہ شہریوں نے ان ڈسپلے سنٹرز سے رابطہ کیا اور 4210نے ووٹ کے اندراج، اخراج یا درستگی کیلئے فارم جمع کروائے۔

فارم 14 سرکاری ملازمین کیلئے ،فارم 15ووٹ بنوانے کیلئے ، فارم 16ووٹرز لسٹ میں شامل نام کے بارے میں اعتراض داخل کروانے کیلئے اور فارم17انتخابی فہرست میں درج کوائف کی درستگی کیلئے ہے ۔ شہری الیکشن کمیشن کی طرف سے بنائے جانے والے ڈسپلے سنٹرز کا وزٹ کریں تاکہ اگر کسی نے نئے ووٹ کا اندراج کروانا ہو، کسی ووٹ پر اعتراض ہو یا نام و ایڈریس وغیرہ کی درستگی ہو تو اسے بروقت دور کیا جاسکے ۔

گوجرانوالہ ڈویژن کے 439 ڈسپلے سنٹرز صبح 8بجے سے سہ پہر 4بجے تک کام کررہے ہیں ۔ یہ ڈسپلے سنٹرز ہفتہ اور اتوار کو سرکاری تعطیلات کے باوجود کھلے رہتے ہیں اور ان کی کارکردگی کو الیکشن کمیشن پنجاب کی مقرر کردہ ٹیمیں بھی باقاعدگی سے چیک کررہی ہیں۔ ملک بھر میں ووٹرز لسٹیں یکم مئی کو منجمد ہوجائیں گی جس کے بعد نہ تو کسی نئے ووٹ کا اندراج یا اخراج ہوسکے گا اور نہ ہی درستگی وغیرہ کی جاسکے گی۔

انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے لئے غیر حتمی و ابتدائی انتخابی فہرستیں تیارکرلی گئی ہیں جوکہ ملک بھر کی10 کروڑ 42 لاکھ ووٹرز پر مشتمل ہیں۔ غیر حتمی و ابتدائی انتخابی فہرستیں ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں کردی گئی ہیں۔ ووٹ کے اندراج کی تفصیلات اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اضلاع میں قائم ڈسپلے سینٹرز کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عوام و ووٹرز کی سہولت کے پیش نظر مراکز معلومات و شکایات بھی قائم کردیے ہیں اور ان مراکز کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر جاری کردی ہیں۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں