قیام امن میں علماء کرام کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے، ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ

پیر 20 اگست 2018 21:27

گوجرانوالہ۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) اسلام امن اور بھائی چارے کا دین ہے، قیام امن میں علماء اکرام کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے، یہ شہر اور ملک ہمارا ہے اسے پر امن بنانے کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پرہمیں اپنا اپناکردار ادا کرنا ہو گا ،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں چیئرمین ضلعی امن کمیٹی قاری زاہد سلیم ،ایس ایس پی آپریشنز امیر عبداللہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طاہر فاروق ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رابعہ ریاست ، چیف آفیسر کارپوریشن سردار نصیر ، علماء اکرام (علامہ صفدر ایوب ، سعید احمد صدیقی، حاجی نذیر جموں والے، میاں فضل الرحمن، حافظ عمران عریف ، سعید احمد کلیروی، سید خلیل الرحمن چشتی، بابر رضوان باجوہ، سید کاظم علی ترابی، ڈسٹرکٹ خطیب اسلم ساقی ، چوہدری مزمل حسین،غلام عباس،سید خاور عباس کے علاوہ دیگر علماء اکرام بھی اجلاس میں شریک تھے ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے، علماء کی طرف سے نشاندہی کیے گئے مسائل کو باہمی افہام وتفہیم، مشاورت اور وسیع تر عوامی و ملکی مفاد میں حل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے والے فلاحی اداروں کو این او سی بلا تفریق اورمیرٹ پر جاری کیے جائیں گے ،انہوں نے مزید کہا عید الاضحی کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے جس کے لیے مشینری حاصل کرلی گئی جسے فیلڈ میں موئژ طریقے سے بروئے کار لانے کے لیے پلان کو آج حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ، انہوں نے علماء اکرام اور ضلع کے عوام کے تعاون کو بھرپور الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں میں اپنائیت ہے اورقیام امن کے لیے ہمیشہ مثالی تعاون حاصل رہا ہے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں