گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 398 کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر دیا گیا

پیر 22 اکتوبر 2018 23:50

گوجرانوالہ۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 2010ء سے کنٹریکٹ پر بھرتی398ملازمین کو مستقل کر دیا گیا،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز گوجرانوالہ کے ہال میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر )سید نذارت علی شاہ ،صدر چیمبر آف کامرس محمد عاصم انیس،سی او کارپوریشن سردار نصیر احمداورایم ڈی (جی ڈبلیو ایم سی)شیخ بابر کھرانہ نے مستقل ہونے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان میں مستقلی کے آرڈر تقسیم کیے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر )سید نذارت علی شاہ نے مستقل کیے گئے ملازمین سے کہا کہ وہ اب مزید خدمت خلق اور حب الوطنی کے جذبے سے فرائض سرانجام دیں اورپنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی صاف اور سرسبز گوجرانوالہ مہم کو کامیاب بنائیں،انہوں نے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے لیے سینٹری ورکرز اتحاد یونین کی کوششوں کو سراہا اور مستقل ہونے والے تمام ملازمین کو ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مبارک باد دی ،سینٹری ورکرز اتحاد کی نمائندگی کرتے ہوئے امجد علی صدر یونین سینٹری ورکر اتحاد ،جنرل سیکرٹری یونین اتحاد عمران خالد ،جوائنٹ سیکرٹری پرویز مٹو نے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ ،سی او کارپوریشن اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ 398کنٹریکٹ ملازمین 2010میں بھرتی ہوئے اور حکومت پنجاب کے 2013میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کے نوٹیفیکیشن ہونے کے باوجود مستقل کے آرڈر نہ کیے گئے جس پر سینٹری ورکر اتحاد یونین نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ سے ملازمین کو ان کا جائز حق دلانے کی درخواست کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی جس پر سینٹری ورکرز اتحاد یونین اور تمام ملازمین ان کے شکرگزار ہیں ، ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھیں گے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں