چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

ہفتہ 24 اگست 2019 22:21

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں کمشنر گوجرانوالہ وقاص علی محمود نے ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز کو اشیائے خورونوش بالخصوص چینی، آٹا، گھی، آئل پیاز اوردیگر اشیاء من مانے نرخوں پر فروخت کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کے خلاف بلا تفریق ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خورونوش کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں اور ذخیرہ اندوزوں، ہول سیلرز کے خلاف اگلے 24 گھنٹوں میں ٹھوس کاروائی عمل میں لائی جائی- انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اہم ترین حکومتی ترجیح ہے جس کے پیش نظر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان المبارک کی طرح متحرک اور فعال ہو کرکام کریں اور حکومتی ترجیح کے مطابق نتائج دکھائیں،کمشنر نے چیف سیکرٹری کو ڈویژن میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں نے 2066 گراں فروشوں کو 58 لاکھ44 ہزار سے زائد نقد جرمانہ کیا جبکہ 42 عادی گراں فروشوںکو گرفتار بھی کیاگیا- انہوں نے چیف سیکرٹری کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی مفاد کے تحفظ اور لوگوں کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلہ میں تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور اگلے چوبیس گھنٹوں میں ڈویژن میں موثر کریک ڈائون کے ذریعہ بنیادی اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا-

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں