گوجرانوالہ، اہل بیت سے محبت سچے مومن کی پہچان ہے، پروفیسر رمضان اویسی

بدھ 18 ستمبر 2019 18:38

گوجرانوالہ ۔ 18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) علامہ مولانا پروفیسر رمضان اویسی پرنسپل جامعہ ریاض المدینہ نے کہا ہے کہ اہل بیت سے محبت سچے مومن کی پہچان ہے، آج وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اہلبیت اطہار کی حیات طیبہ سے درس لیں اور اپنی زندگیوں میں ایک عظیم اسلامی انقلاب پیدا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن صدیقیہ کے زیر اہتمام جامع مسجد جناح ہسپتال ماڈل ٹائون میں محفل ذکر اہلبیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اسوہ رسول اللہ ، اسوہ صحابہ و اہلبیت اطہار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جنہوں نے دین متین کی تبلیغ و اشاعت کیلئے اپنے آپ کو قربان کردیا۔ آج اس بات کی اہم ضرورت ہے کہ ہم حق و باطل کی پہچان کریں۔ اہل بیت اطہار خصوصاً نواسہ رسولؓ حضرت امام حسین کی حیات طیبہ ہمارے لئے ایک روشن دلیل ہے جنہوں نے دین حق کیلئے اپنا سب کچھ لٹادیا لیکن اس فانی دنیا کی طلب میں کبھی دل نہ لگایا اور نہ دنیاداروں کا ساتھ دیا۔ محفل کے آخر میں مولانا حافظ محمد رفیق قادری نے اسلام کی سربلندی، کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی ۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں