گوجرانوالہ، پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے جدید طریقہ تربیت و ٹیکنالوجی سے روشنا س کروایا جا رہا ہے، آر پی او

بدھ 18 ستمبر 2019 18:38

گوجرانوالہ ۔ 18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) ریجنل پولیس آفیسر طارق عباس قریشی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدیدپراجیکٹس اور بروقت اصلاحات نے پنجاب پولیس کے ورکنگ نظام کو عصر حاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ کردیاہے، پنجاب پولیس کو مزید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر دیا گیا ہے، پولیس کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے جدید طریقہ تربیت او ر ٹیکنالوجی سے روشنا س کروایا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں ریجن بھر سے 15ملازمان کو آٹو کیڈ کورس پاس کرنے پر مبارکباد اور اسناد دیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سٹاف آفیسر انسپکٹر ضیغم ثناء ،پرائیویٹ سیکرٹری مبشر علی ،لاء انسٹریکٹر راجہ خالد ،آئی ٹی انسٹریکٹر محمد عمیر و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے آٹو کیڈ کورس کو پولیس نظام میں بہتری کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نقشہ موقع اب کمپیوٹرائز بنیں گے جس کی وجہ سے تفتیشی افسران کو بھی مدد ملے گی اور اس میں کوئی سقم بھی نہ رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نظام میں اصلاحات اور تھانہ کلچر میں تبدیلی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔آر پی او نے کہا کہ دور حاضر میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے بغیر جدید پولیسنگ کا حصول ممکن نہیں۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں