گوجرانوالہ، اے ڈی سی کا عطائی ڈاکٹروں اور بغیر لائسنس چلنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

بدھ 18 ستمبر 2019 18:38

گوجرانوالہ ۔ 18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹروں ،غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس چلنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے ،غیر قانونی سرگرمیوں سے انسانی جانوں کے لیے خطرات پیدا کرنے والے کسی رعایت اور نرمی کے مستحق نہیں ایسے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر)خالد عمر قریشی نی ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے ماہانہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فرجاد بٹ،ممبر ڈی کیو سی بی (DQCB)ڈاکٹر میاں نعیم،سیکرٹری ڈی کیو سی بی (DQCB)میڈم سونیا،تمام ڈرگ انسپکٹرز اوردیگر ممبرز نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر)خالد عمر قریشی نے کہا کہ عطائی ڈاکٹروں ،زائد المیعاد،غیر رجسٹرڈ، اور بغیر وارنٹی ادویات کی فروخت میں ملوث میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف مزید گھیرا تنگ کیا جائے، ڈرگ سیل لائسنس کے بغیر ادویات کی خرید و فروخت کی بھرپور حوصلہ شکنی اور روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے تا کہ شہریوں کو سستی ومعیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ،ڈرگ انسپکٹرز اورتحصیل ہیلتھ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع بھر کے تمام عطائی کلینکس اورمیڈیکل سٹورز کی باقاعدگی سے انسپکشن کریں اور غیر قانونی طور پر چلنے والے تمام عطائی کلینک اورمیڈیکل سٹورز کو سربمہر کرتے ہوئے ان کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت چالان جاری کریں ۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں