گوجرانوالہ۔جامعہ گجرات میں ’’انٹریپرینیئر شپ اور اس کے اصول ‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 2 اکتوبر 2019 22:12

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2019ء) جامعہ گجرات میں ’’انٹریپرینیئر شپ اور اس کے اصول ‘‘ کے موضوع پر ایک پُر وقار سیمینار کا انعقاد۔ جامعہ گجرات کے شعبہ فزکس اور مرکز امور طلبہ کے اشتراک سے نوجوان طلبہ میں انٹریپرینیئر شپ اور سیلف ایمپلائمنٹ کے فروغ کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔

معروف انٹر پیرینیئر اورالمضرار انسٹی ٹیوٹ کے بانی شیخ عاطف احمد سیمینار کے مہمان مقرر تھے۔ مہمانان اعزاز فیکلٹی ڈین ڈاکٹر عبدالرحمان اور شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے استاد نجیب الرحمان تھے جبکہ سیمینار کی صدارت کا فریضہ چیئر پرسن شعبہ فزکس ڈاکٹر عبدالماجد نے سر انجام دیا۔ شیخ عاطف احمد نے کہا کہ دور حاضر میں انٹریپرینیئر شپ دیرپا کامیابی و کامرانی کی منزل ہے۔

(جاری ہے)

انٹریپرینیئر شپ اصلاً انسانیت و معاشرہ کو درپیش مسائل کے حل کی تلاش کا نام ہے۔ انٹریپرینیئر شپ میں آئیڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے۔ خیال و ارادہ کو معیاری تکمیل سے سرفراز کرنے کے لیے عملی جدوجہد لازم ہے۔ جدید تعلیمی تناظر میں طلبہ میں عملی شعور کی بیداری اہم نکتہ ہے۔ انٹریپرینیئرشپ کو شخصی کاوش و کارکردگی، مخلص ٹیم ورک اور بہترین انتظامی شعور کامیاب بناتا ہے۔

انٹریپر ینئیرشپ کے پس پردہ آئیڈیا کا ارتقائی سفر مسائل کے حل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کاروبار کو ممتاز مقام پر سرفراز کرتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمان نے کہا کہ اعلیٰ مقاصد کا حصول محنت و لگن کا متقاضی ہے۔ مستقل مزاجی، بے پایاں عزم اور مثبت رویہ انٹریپرینیئرشپ کی پہچان ہیں۔ زندگی میں ترجیحات کا تعین کامیابی کا ضامن ہے۔ نوجوان طلبہ اپنی بھرپورذہنی توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی معاشی ترقی کا ہر اول دستہ ہیں۔

ڈاکٹر عبدالماجد نے کہا کہ کاروبار ہمیشہ اختراعی کاوشوں کی بدولت پروان چڑھتے ہیں۔ نوجوان طلبہ کے لیے عملی مواقع کی فراہمی نظام تعلیم و تعلم کو مفید اور سود مند بنا سکتی ہے۔ بدلتے ہوئے تعلیمی تناظرات نئے دور کی نوید ہیں اور نوجوان طلبہ اپنی اختراعی صلاحیتوں کے بل بوتہ پر پاکستان کی معاشی ترقی کے سفیر ہیں۔ نجیب الرحمان نے جامعہ گجرات میں قائمBICاور ای روزگار میں جاری سرگرمیوں کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے فری لانسنگ، سیلف ایمپلائمنٹ اور انٹر یپرینیئر شپ بہترین حل ہیں۔

پاکستان میں ہر سال تقریباً2لاکھ نوجوان گریجوایشن کرتے ہیں مگر صرف پچاس ہزارملازمتیں دستیاب ہیں۔ انٹر یپرینیئر شپ کے ذریعے نوجوان طلبہ میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے ہر فرد کو خود کفالت کا درجہ حاصل ہو سکتا ہے۔ جامعہ گجرات اپنی عملی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان طلبہ میں شعور ی طور پر انٹر یپرینئیرشپ کی کامیابی کی خواہاں ہے۔ سیمینار میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے سیمینار کے کامیاب انعقاد کے لیے کوارڈینیئر فزکس سوسائٹی ڈاکٹر بلال طاہر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں