گوجرانوالہ۔دکھی اور بیمار کی خدمت سے بڑھ کر کو ئی نیکی نہیں ہو سکتی،کمشنر گوجرانوالہ

بدھ 2 اکتوبر 2019 22:12

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2019ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود نے کہا ہے کہ دکھی اور بیمار کی خدمت سے بڑھ کر کو ئی نیکی نہیں ہو سکتی اورمخلوق خدا سے بے لو ث پیار اور غریبوں ، ناداروں کے دکھ درد دور کرنے والے کسی بھی معاشرے کا خوب صورت اور قابل احترام طبقہ ہوتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے انجمن فلاح و بہبود انسانیت گوجرانوالہ کے زیر انتظام ڈی ایچ کیوہسپتال میں قائم کڈنی ڈائیلاسز سنٹر کے مجو زہ توسیعی منصوبے کے حوالہ سے اپنے دفتر میں دی جانے والی بریفنگ اور خدمت انسانی میں مصروف شخصیات کی خدمات کے اعتراف کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہو ں نے کہاکہ محض اللہ اور اس کے رسول ؐ کی خوشنودی اور رضا کے لئے اپنے وسائل اور وقت کو وقف کرنے والے ہم سب کی خصوصی ستائش کے حقدار ہونے کے ساتھ دوسروں کے لئے بھی قابل تقلید ہو تے ہیں اور بالخصوص گردوں کے امراض میں مبتلا غریب اور نادار مریضوں کی زندگیاں بچانے میں مصروف عمل اداروں ، فلاحی تنظیموں اور افراد کو حکومت پنجاب کی بھرپور سپورٹ حاصل رہے گی تاکہ یہ افراد اور ادارے مزید بہتر ، منظم اوربڑے پیمانے پر اپنی فلاحی خدمات کے ذریعے مخلوق خدا کی خدمت کا عظیم کام سر انجام دیتے رہیں۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر طارق عباس قریشی، ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر، کڈنی سنٹر کے روح رواں سید امیر حیدر کرمانی ، جمشید بشیر، پرنسپل ڈاکٹر سمیع ممتاز ، ڈاکٹر آصف جاوید اور ادارے سے وابستہ اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شر کت کی۔ تقریب میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں گذشتہ 20 سالوں سے چلنے والے کڈنی ڈائیلاسز سنٹر کی فلاحی خدمات اور اس سنٹر میں مجوزہ توسیع کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی - کمشنر کو بتایا گیا کہ اس وقت اس سنٹر میں17 مشینوں کے ذریعے مریضوں کو بالکل مفت ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں اور 2000 سے چلنے والے اس سنٹر میں اب تک کم وبیش 72522 مریضوں کے ڈائیلاسز کئے جا چکے ہیں جن پر تقریبًا14 کروڑ کے اخراجات انجمن فلاح وبہبود انسانیت نے برداشت کئے ہیں۔

کڈنی سنٹر کی مجوزہ توسیع کے حوالہ سے بتا یا گیا کہ ڈی ایچ کیو میں 2 کنال اراضی پر جدید سنٹر قائم کیا جائے گا جس پر لاگت کا تخمینہ 16 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سمیع ممتاز، نواز باجوہ، ڈاکٹر آصف ، جاوید جمشید بشیر ، رانا ناصر ، ضیا ء اللہ عرفانی ، صدیق مہر ، شیخ عامر رحمن ، خالد عزیز لون ، شوکت جاوید، فرحان شفیق بھٹی اور دیگرمقررین نے سابق چیف سیکرٹری اکبر درانی ، سابق کمشنر اسد اللہ فیض،اور کمشنر وقاص علی محمود کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہاکہ اس قطعہ اراضی پر سنٹر کے قیام اور توسیع کے سلسلہ میں ان کی خدمات گوجرانوالہ کی تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔

انجمن سے وابستہ تمام شخصیات نے سنٹر کے قیام سے لے کر اب تک اپنی بے لوث خدمات گردوں کے مریضوں کے لئے وقف کرنے پر سید امیر حیدر کرمانی المعروف گڈو شاہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خدمت انسانیت کا یہ سفر اسی خلوص اور جوش و جذبے سے جاری رہے گا اور انشاء اللہ گردوں کے مریضوں کومفت ڈائیلاسز سنٹر کی سہولیا ت فراہم کرنے کے حوالہ سے اس سنٹر کو صوبے پنجاب کا ماڈل کڈنی ڈائیلاسز سنٹر بنانے کے لئے پہلے سے بھی بڑھ کر اقدامات کئے جائیں گے۔ کمشنر نے بہترین خدمات کے اعتراف میں سنٹر سے وابستہ شخصیات میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں