گوجرانوالہ،جامعہ گجرات میں درختوں کے فوائد کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 9 اکتوبر 2019 23:01

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) جامعہ گجرات میں درختوں کے فوائد کے موضوع پر سیمینار’’سرسبز ماحول‘‘، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کی آگاہی کے لیے طلبہ واک اور شجر کاری مہم کا انعقاد۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے حافظ حیات کیمپس میں پودا لگا کرنوجوان طلبہ میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے شعور کو اجاگر کیا۔

ان تمام تقاریب کا انعقاد فیکلٹی برائے مینجمنٹ و ایڈ منسٹریٹو سائنسز کی گرین سوسائٹی کے زیر اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر فلاحی تنظیم گرین لالہ موسیٰ سوسائٹی کی جانب سی600پودے عطیہ کیے گئے اور سوسائٹی کے عہدیداران نے اپنی زیر نگرانی حافظ حیات کیمپس کے مختص رقبہ پر ایک باغ لگانے کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔

(جاری ہے)

طلبہ نے اکڈیمک بلاکس سے لے کر وائس چانسلر سیکرٹریٹ تک ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ بارے آگاہی واک میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے درخت لگائے اور ان کی حفاظت و نگہداشت کا عزم کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے کہا کہ درخت قومی امانت اور ماحولیاتی آلودگی سے نجات کا ذریعہ ہیں۔ مقامی پودوں و درختوںکی کاشت ماحول دوست ثابت ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر شبر عتیق نے ہر طالب علم کو ایک پودا لگانے اور چار سال تک اسکی حفاظت کرتے ہوئے درخت کی صورت میں پروان چڑھانے کا مشورہ دیا۔ قبل ازیں سیمینار ’’سرسبز ماحول ‘‘ میں شرکت کرتے ہوئے مہمان خصوصی بانی گرین لالہ موسیٰ سوسائٹی جاوید حسین نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو اپنی آمدن اور وقت کا کچھ حصہ شجر کاری کے لیے وقف کر دینا چاہیے۔

ڈاکٹر ذکی چیمہ نے کہا کہ درخت کرہٴ ارض کے درجہ حرارت کے بڑھنے اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کے لیے سدراہ ہیں۔ گذشتہ ایک صدی کے دوران درجہ حرارت میں حیرت انگیز تبدیلی موسمی و ماحولیاتی سطح پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ ہر ملک میں رقبہ کے لحاظ سے جنگلات کا تناسب 10فی صد ہونا چاہیے مگر پاکستان میں یہ تناسب صرف2فی صد ہے۔ گرین ہائوس گیسوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے اور کرہ ٴ ارض پر انسانی زندگی کے تحفظ کے لیے وسیع پیمانہ پر پودوں اور درختوں کی کاشت لازم بن چکی ہے۔

کوارڈنینٹر گرین سوسائٹی تصدق حسین وڑائچ نے کہا کہ درخت فعال اور صحت مند انسانی زندگی کے لیے بہترین ماحول مہیا کر سکتے ہیں۔ درخت خوشگوار ماحول کے بہترین معاون و محافظ ہیں۔ پاکستان ماحولیاتی مسائل سے دوچار ہے۔ درخت لگانا اہم قومی فریضہ ہے۔ سیمینار میں چیف لائبریرین کاظم علی سید، ڈائریکٹرSSCمحمد یعقوب، ڈاکٹر مرزا اشفاق اور پروفیسر عبدالرزاق سمیت انتظامی و تعلیمی شعبہ جات کے سینئر اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں