گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)میں سیفٹی ڈے منایا گیا

جمعرات 10 اکتوبر 2019 23:38

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)میں سیفٹی ڈے بھرپور طریقہ سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ریجن بھر کے تمام شہروں (گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، منڈی بہاولدین، حافظ آباد) میں سیفٹی سیمینارز کا اہتمام کیا گیا، جن میں لائن مین اور پبلک سیفٹی کے حوالے سے خصوصی لیکچرز دیئے گئے۔

گوجرانوالہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو محمد لطیف مغل نے کہا ہے کہ لائن سٹاف کی حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لائن سٹاف لائنوں پر کام کے دوران حفاظتی تدابیر و آلات کے استعمال کو جزوایمان سمجھیں اور حفاظتی اقدامات کے بغیر قطعا کام نہ کریں۔

(جاری ہے)

سیمینار سے ایس ای کینٹ محمد رمضان بٹ،ایس ای سٹی عزیز الرحمن، ڈائریکٹر سیفٹی طارق محمود صدیقی، ایکسئینز چودھری امتیاز احمد، ملک سعید اختر،سردار جمشید احمد، میاں عبدالقیوم، سی بی اے کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خان،یونین عہدیدار میاں عطا الرحمن، رانا شہزاد جمیل،عباس باجوہ و دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر جنرل مینجر آپریشن محمد اکرم بھٹی،چیف انجینئرز محمد سلیم، عبدالرحمن،ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن محمد عابد، گیپکو آفیسرز و انجینئرز ایسوسی ایشن و یونین عہدیدران، افسران و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ سیفٹی کے حوالے سے وزیر توانائی (پاور ڈویژن)عمر ایوب اوروفاقی سیکرٹر توانائی )پاور ڈویژن) عرفان کی طرف سے بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ سیکرٹری پاور ڈویژن نے ابھی سیمینار کے دوران مجھے فون کر کہ کہا ہے کہ لائن سٹاف کو میراپیغام دیا جائے کہ وہ لائنوں پر کام کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی سے کام نہ لیں اور اپنی جانوں کو خطرہ میں نہ ڈالیں۔

سیفٹی سیمینار کے دوران خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سب ڈویژنوں میں PPE/T&P پریڈ اور سیفٹی لیکچرز کا باقاعدگی سے اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ ڈویژن اور سرکل کی سطح پرسیفٹی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں لائن سٹاف میں حفاظتی اقدامات کی اہمیت اور ان پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا جاتا ہے تاکہ تمام کارکنان میں ذاتی حفاظت کا شعور بیدار کیا جاسکے اور ان کو پیش آمدہ حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ آج کا یہ سیفٹی سیمینار بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس موقع پر ریجنل ٹریننگ سنٹر نندی پور سے آئے ہوے سیفٹی انسٹرکٹرز نے حفاظتی سامان کے درست استعمال کا عملی مظاہرہ بھی کر کے دکھایا۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں