انسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں،ڈاکٹر یاسمین راشد

بدھ 16 اکتوبر 2019 19:07

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) صو بائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی کو کنٹرول کرنے کیلئے مزید موثر انداز میں سرویلنس جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں۔ آئوٹ ڈور اور اِن ڈور سرویلنس پر پوری توجہ رکھی جائے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کلینیکل مینجمنٹ پر فوکس کیا جائے۔

انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوںنے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کے حوالے سے دقت نہیں ہونی چاہیئے اور تمام بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گااور ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولتوں میں اضافے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نارووال سے ویڈیو لنک کانفرنس سے منسلک تھے،جبکہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر ایڈیشنل کمشنر کو آرڈ نعمان حفیظ ، ڈائر یکٹر ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ، ڈی ایچ او ڈاکٹر فرید، کوآرڈینیٹر ڈینگی ڈاکٹر معیز اور دیگر متعلقہ افسران کمشنر آفس گوجرانوالہ میں شریک تھے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے صوبائی وزیر صحت کی ویڈیو لنک کانفرنس کے بعد ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ڈینگی ہمارا قومی مسئلہ ہے جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے اس ضمن میں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز سنجیدہ کاوشیں کریں اور سرویلینس ٹیموں کی خود نگرانی کریں تاکہ ڈینگی کو کنٹرول کیا جاسکے۔

انہوں نے سی ای او ہیلتھ سیالکوٹ کو تنبیہ کی کہ وہ صحیح ڈیٹا ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔انہو ں نے اس امر پر بر ہمی کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ سے ڈینگی کالاروا کیوں رپورٹ نہیں ہو رہا، موجودہ موسم میں ڈینگی لاروا نہ ملناممکن نہیں اس ضمن میں غفلت و کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔انہو ں نے سختی سے کہا کہ ڈینگی کنٹرول کرنے کے لئے انسدادی کاروائیوں کو تیز کیا جائے تاکہ اسے مات دی جاسکے اور ڈینگی سے ڈرنے کی نہیں لڑنے کی ضرورت ہے۔انہو ںنے کہاکہ حکومت پنجاب ڈینگی کے تدارک کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور ڈینگی کے مریضو ں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے خطیر رقم بھی خرچ کر رہی ہے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں