بلدیاتی اداروں کی مجوزہ حد بندیوں کا مقصد عوامی مسائل کے پائیدارحل کویقینی بنانا ہے،کمشنر گوجرانوالہ

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 21:42

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) کمشنر گوجرانوالہ ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی مجوزہ حد بندیوں کا مقصد عوام کو دی جانے والی میونسپل سروسز کی فراہمی میں نمایاں بہتری لانا اور ان کے دیرینہ مسائل کے پائیدارحل کویقینی بنانا ہی- انہوں نے کہا کہ بنیادی شہری سہولیات کی بہتری اہم حکومتی ایجنڈا ہے جس کی تکمیل کی بہترین صورت مقامی بلدیاتی اداروں کی مضبوطی، خود مختاری اور مسائل کے حل کی استطاعت میں خاطر خواہ اضافہ ہے اور اسی ویژن کے پیش نظر صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کی حد بندیوں میں ردو بدل کیا جارہاہے تاکہ صفائی ،نکاسی آب، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کے معیار میں خاطر خواہ بہتری لائی جاسکے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں گوجرانوالہ سٹی، گوجرانوالہ صدر، کامونکی، نوشہرہ ورکاں اور میونسپل کارپوریشن کی مجوزہ حد بندیوں کے حوالے سے عوامی اعتراضات، تجاویز کی سماعت کرتے ہوئے کیا-ایڈیشنل کمشنر کوآرڈ نعمان حفیظ، اے سی سٹی عثمان سکندر، اے سی صدرحنا ارشد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے کمشنر نے حد بندیوں کے حوالے سے کئے گئے اعتراضات کی سماعت کے دوران باور کرایا کہ عوامی مفاد، سہولیات اور مستقبل کے تقاضوں اور ضرریات کو مد نظر رکھتے ہوئے میرٹ پر تمام اعتراضات کا فیصلہ کیا جائے گا-انہوں نے واضح کیا کہ بہتر شہری اور سماجی سہولیات ہر فرد کا بنیادی حق ہے جس پر کسی فرد واحد کی سوچ اور سیاسی مفاد کے پیش نظر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور ہر صورت وسیع تر عوامی مفاد کو ہی فیصلہ سازی میں فوقیت حاصل ہوگی- انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کو میٹرو پولیٹن کی سطح پر بڑھانے سے ملحقہ آبادیوں اور عوام کو بھی بہت سے فوائد ملیں گے جن کی بدولت تعلیم، صحت اور روڈ نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کی بہتری ممکن ہوسکے گی اور دیرینہ مسائل کے پائیدار حل کا ایجنڈا کامیاب بنایا جاسکے گا،دوران سماعت کامونکی، نوشہرہ ورکاں، گوجرانوالہ سٹی،صدر اور میونسپل کارپوریشن کی مجوزہ حد بندیوں کے حوالے سے شہریوں نے اپنے عتراضات پیش کئی- کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ 25 اکتوبر کی مقررہ ڈیڈ لائن تک تمام اعتراضات نمٹا دئیے جائیں گے اور حد بندیوں کے حتمی نوٹیفکیشن کیلئے معاملہ پنجاب حکومت کو بھجوا دیا جائے گا-

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں