گوجرانوالہ، موسمی فلو اور سموگ سے متعلق آگہی مہم کا آغاز

ہفتہ 16 نومبر 2019 18:53

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2019ء) میڈیکل سوشل سروسز یونٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ اور سوشل ورک کے سٹوڈنٹس کے اشتراک سے موسمی فلو اور سموگ سے متعلق آگہی مہم کا آغاز کردیاگیا۔ اس سلسلہ میں مریضوں اور انکے لواحقین کواحتیاطی تدابیر سے آگاہ کیاگیا اور فیس ماسک بھی تقسیم کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیڈیکل سوشل آفیسر عدنان ریاض بٹ نے بتایا کہ موسمی فلو سے بچنے کیلئے ہاتھوں کو صابن سے دھوئیں، کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک کو رومال یا ٹشو پیپر سے ڈھانپ لیں، مرض کی صورت میں گھر میں رہیں اور عام لوگوں سے میل جول میں احتیاط کریں، استعمال کے بعد ٹشو پیپر کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگائیں، متاثرہ شخص سے ملتے وقت ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں اور گندے ہاتھوں سے اپنی آنکھوں منہ یا ناک کان کو نہ چھوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کی علامات میں بخار، کھانسی، سردرد، پٹھوں اور جوڑوں میں درد، گلہ خراب ہونا اور ناک بہنا شامل ہیں۔ اس مہم میں سوشل ورک کے سٹوڈنٹس غلام حسن، محمد ابراہیم، علی حسین، حرا رشید، حنا معظم، خدیجہ نواز اور آمنہ نے بھرپور شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں