وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کسی نعمت سے کم نہیں ہے ،کمشنرگوجرانوالہ ڈویڑن

جمعہ 4 دسمبر 2020 20:24

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2020ء) : کمشنرگوجرانوالہ ڈویڑن سید گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ غریب اور کم وسائل والے مریضوں کیلئے وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کسی نعمت سے کم نہیں ہے اور حکومت پنجاب کی ترجیحات کے تحت یہاں آنے والے امراض قلب میں مبتلا غریب مریضوں کو بائی پاس، اسٹنٹس، انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی سمیت دیگر تمام ممکنہ طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں - انہوں نے کہاکہ انسٹی ٹیوٹ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے اور طبی سہولیات کے معیار کو مزیدبہتر اور عوام دوست بنانے کیلئے بھی ٹھو س اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں اس عوامی و فلا حی ادارے کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی اور اس کو عوامی توقعات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کا ٹارگٹ پورا ہو گا-کمشنر گوجرانوالہ نے ان خیالات کاا ظہار وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اچانک دورہ کے دوران کیا- جس کامقصد ادارے کی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لینا اور دستیاب طبی سہولیات کے حوالہ سے مریضوں اور عوام سے براہ راست فیڈ بیک حاصل کرنا تھا-ایم ایس ڈاکٹر سہیل انجم بٹ اور دیگر سینئر ڈاکٹروں نے کمشنر کو انسٹی ٹیوٹ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں ادارے کی کارکردگی اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ایمر جنسی وراڈ اور ہسپتال کے دیگر شعبوں کادورہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے طبی سہو لیات کی فراہمی، ڈاکٹروں اورسٹاف کے رویہ اور حاضری کے حوالہ سے فیڈ بیک حاصل کی -ایم ایس ڈاکٹر سہیل انجم بٹ نے کمشنر کو بتایاکہ غریب اورکم وسائل والے تمام مریضوں کو بائی پاس سمیت دیگر طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ صاحب حیثیت مریض اپنی مرضی سے پرائیویٹ علاج کی سہولت بھی حاصل کر سکتے ہیں - انہوں نے بتایاکہ انسٹی ٹیوٹ میں قریبًا700 مریض روزانہ اوپی ڈی میں آتے ہیں جبکہ بائی پاس آپریشن کے لئے ہفتہ میں چار دن اور انجیو پلاسٹی کیلئے 5 دن مختص ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایم ایس کے طور پر چارج سنبھالنے کے ساتھ ہی انہوں نے ڈاکٹروں اورسٹاف کی حاضری، یونیفارم اور نیم ٹیگ، اوقات کار کی پابندی اور دیگر امور میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کئے ہیں اور مریضوں کے علاج معالجہ میں پوری ذمہ داری کے ساتھ تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں