اندرون شہر ترقیاتی سکیموں کاماسٹر پلان تیار 'شہر کی تمام مین ڈرین 'سیورلائنوں کی صفائی بھی کی جائیگی، ایم ڈی واسا

منگل 8 اکتوبر 2024 22:59

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2024ء) واسا نے 70کروڑ روپے کی لاگت سے اندرون شہرکی ترقیاتی اسکیموں کا ماسٹرپلان 2024-25تیارکرلیا ہے جس میں این اے 80کی 50کروڑ روپے مالیت کی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔موسم برسات ختم ہونے کے بعد شہرکے تمام مین ڈرین اور سیور لائنوں کی صفائی کا منصوبہ بھی تیار کرلیا گیا ہے جس پر کچھ روز میں عمل درآمد شروع کردیاجائیگا۔

یہ بات ایم ڈی واسا فیصل سکندرنے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار و رکن قومی اسمبلی شاہد عثمان ابراہیم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔شاہد عثمان ابراہیم نے واسا گوجرانولہ دفتر کا دورہ کیا جہاں پہنچنے پر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ادارے کی کارکردگی بارے تفصیلی آگاہ کیا اور جاری منصوبوں بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ایکسیئن اطہر جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ایکسیئن عبدالوہاب نے چارٹوں کی مدد سے این اے 80کے منصوبوں کے خدو خال بارے آگاہ کیا۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شاہد عثمان ابراہیم نے جاری و منظور شدہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے اور چھوٹی بڑی سیوریج لائنوں کی فوری صفائی کرنے کے احکامات جاری کئے اورکہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران این اے 80کی تمام یونین کونسلوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں اور آنے والے دنوں میں عوام کو بہتری نظر آئے گی، شاہد عثمان ابراہیم نے ہدایت کی کہ واسا افسران تمام ترقیاتی اسکیموں میں اعلی معیار برقراررکھیں، کرپشن کسی صورت قابل برداشت نہیں ہوگی اور کرپشن کرنے والے ٹھیکیداروں اور سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تمام نالوں، سیور لائنوں اور ڈسپوزل اسٹیشنوں کی صفائی اور مرمت کروائی جائے تاکہ اندرون شہر نکاسی و فراہمی آب کی صورتحال بہتر ہوسکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

\378

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں