سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز کرپشن الزامات پر گرفتار

سابق ڈی جی نے اسپورٹس سٹی میں من پسند لوگوں کو ٹھیکے دئیے اورغیر معیاری میٹریل استعمال کیا گیا نافذ کرنے والے اداروں کا ریاض پیرزادہ، احسن اقبال اور یوسف رضاگیلانی کو بھی کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

جمعرات 4 اکتوبر 2018 19:11

سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز کرپشن الزامات پر گرفتار
گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2018ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) نے سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کو نارووال اسپورٹس سٹی میں کروڑوں کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا، سابق ڈی جی نے اسپورٹس سٹی میں من پسند لوگوں کو ٹھیکے دئیے اورغیر معیاری میٹریل استعمال کیا گیا۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اختر نواز گنجیرا کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا، انہیں ایف آئی اے کے گوجرانوالہ دفتر میں رکھا گیا ہے ،ْ ایف آئی اے نے ان کا پانچ روزہ ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق اختر نواز سمیت پی ایس بی کے مزید دو افسران کے خلاف تھانہ ایف آئی اے میں مقدمہ درج کیا گیا ،ْ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان میں ایکسیئن اعجاز اکبر اور سپرنٹنڈنٹ اظہار احمد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ اختر گنجیرا کو نارووال اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کے الزام میں حراست میں لیا گیا ،ْ اسپورٹس کمپلیکس نارووال پاکستان اسپورٹس بورڈ کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہے، 2014 میں اسپورٹس کمپلیکس نارووال کی تعمیر پر 3 ارب روپے لاگت آئی تھی، اختر نواز نارووال اسپورٹس کمپلیکس کے خود ساختہ اور غیر قانونی پراجیکٹ ڈائریکٹر بنے رہے اور ٹھیکے کے بلوں پر خود ہی دستخط کرتے رہے ،ْ احسن اقبال نے منصوبے کا افتتاح مکمل ہونے سے قبل ہی کردیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے ملک ناصر کے مطابق مختلف سامان کی خریداری کی مد میں بے ضابطگیاں پائی گئیں، ملزمان نے انجینئرنگ یونیورسٹی کی جعلی روپورٹس پر ادائیگیاں بھی کردیں، دوران تفتیش انجینئرنگ یونیورسٹی کی رپورٹس جعلی پائی گئیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریاض پیرزادہ، احسن اقبال اور یوسف رضاگیلانی کو بھی اس کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں