فی سیٹ انکم ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز ،ڈیزل کی قیمتوںمیںاضافے کے خلاف ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال

مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ،مسافروں کو اذیت دینے کی بجائے حکومت سے بات کی جائے ،کچھ ٹرانسپورٹرز کاہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان

منگل 2 اگست 2022 11:43

لاہور/راولپنڈی/گجرات/پشاور/کوئٹہ /ملتان/وہاڑی/ہری پور/ایبٹ آباد( این این آئی) فی سیٹ انکم ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز اورڈیزل کی قیمتوںمیںہوشربا اضافے کے خلاف ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹرزنے ہڑتال کی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،کچھ ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا ، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے ریلوے پر دبائو بڑھ گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز کی طرف سے اپنے مطالبات کے حق میں پیر کی رات 12سے ٹرانسپورٹ کو اڈوں پرکھڑا کر دیا گیاہے جس کے باعث دوسرے صوبوں اور اضلاع کے درمیان سفر کرنے والے مسافر شدید مشکلات سے دوچار رہے ۔ کئی مسافرٹرانسپورٹ کھلنے کے انتظار میں رات بس اسٹینڈز پر بیٹھے رہے ۔ہڑتال کے دوران چھوٹی ٹرانسپورٹ چلتی رہی جس کی وجہ سے ایمر جنسی میں جانے والے مسافر منہ مانگے کرائے دے کر منزل کی جانب روانہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

بس اڈوں پر آنے والی فیملیوں نے بتایاکہ وہ اپنے قریبی عزیز وں کے انتقال پرنماز جنازہ میں شرکت کیلئے جانا چاہتے تھے لیکن انہیں یہاں آکر معلوم ہوا کہ ٹرانسپورٹر زنے ہڑتال کر رکھی ہے جبکہ چھوٹی ٹرانسپورٹ چل رہی ہے وہ اتنے کرائے مانگ رہے ہیں جن کی ادائیگی کرنا ممکن نہیں۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹر بجاش خان نیازی نے کہا ہے کہ میں اور میرے عہدیدار اس ہڑتال سے قطعی لا تعلق ہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی اور دیگر مسائل کی وجہ سے پریشان ہیں اور ہم انٹر سٹی سفر کی سہولت ختم کرکے انہیں مزید اذیت میں مبتلا نہیں کر سکتے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے جو ٹیکسز عائد کئے گئے ہیں وہ نا انصافی ہے لیکن ہمیں اس کے لئے ہڑتال کرکے مسافروں کو اذیت میں مبتلا کرنے کی بجائے حکومت یا متعلقہ ذمہ داران سے رابطہ کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں