گجرات میں پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کا قتل ، کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 اپریل 2018 12:44

گجرات میں پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کا قتل ، کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی
گجرات (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اپریل 2018ء) : گجرات میں پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔ تاہم اب ثنا چیمہ نامی اس نوجوان لڑکی کے کیس میں اہم حقائق سے پردہ اُٹھا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ثنا سرائے عالمگیر کے رہائشی راجہ کامران سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ کامران نامی یہ شخص چند روز قبل ہی اٹلی گیا تھا، کامران اور ثنا ایک ساتھ اٹلی سے وطن واپس آئے تھے۔

ثنا چیمہ اور راجہ کامران ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔ دونوں اکٹھے پاکستان آئے لیکن راجہ کامران کچھ روز قبل اٹلی پہنچ گیا۔ ثنا چیمہ بھی اٹلی جا کر کامران سے ہی شادی کرنے کی خواہشمند تھی، ثنا کے والد اس کے خلاف تھے۔ ثنا کے والد چاہتے تھے کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی پاکستان میں ہی رشتہ داروں میں کریں۔

(جاری ہے)

ثنا نے پاکستان میں شادی سے انکار کیا، ذرائع نے بتایا کہ ثنا کا بینک بیلنس بھی کافی تھا اور اس کے والد چاہتے تھے کہ اس سے کچھ رقم بھی لے کر اپنے پاس رکھ لیں تاکہ پاکستان میں اس کی شادی کی جا سکے۔

یاد رہے کہ 18 اپریل کومنگووال غربی میں پاکستانی نژاد اٹلی کی شہری 26 سالہ ثناء چیمہ کی موت کی رپورٹس سامنے آئییں، تاہم اہلخانہ نے اسے حادثہ قرار دے کر لڑکی کو سپرد خاک کردیا تھا۔ بعدازاں سوشل میڈیا اور اطالوی میڈیا پر ثناءچیمہ کے مبینہ قتل سے متعلق کئی رپورٹس اور پوسٹس سامنے آئیں جس پر ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) گجرات کے حکم پر تحقیقات کا آغاز کیا تاہم ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں