شریف دور کے جھوٹے پرچے بند، پولیس میرے مخالف کو بھی انصاف دے‘سپیکر چودھری پرویزالٰہی

مصالحتی کمیٹیاں عوام اور پولیس میں پل بنیں گی، آر پی او، ڈی پی اور ڈی سی او کا نیا سسٹم قابل تحسین، گجرات محفوظ شہر ہو گا ‘سپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 19 مارچ 2019 23:58

لاہور/گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شریف دور کا سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے پرچے درج کرانے کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے، گجرات میں پولیس میرے کسی مخالف کو بھی انصاف دے، اصلاحی کمیٹیاں جائز کاموں کیلئے عوام اور پولیس میں پل بنیں گی، نئے سسٹم سے انشاء اللہ گجرات اب ایک محفوظ شہر ہو گا۔

وہ تھانہ صدر گجرات میں ڈی ایس پی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دس سال بعد پولیس میں تبدیلی دیکھی ہے، آر پی او گوجرانوالہ طارق عباس، ڈی پی او گجرات سید علی محسن اور ڈی سی او گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ حالات کی تبدیلی کیلئے عملی طور پر کام کر رہے ہیں جس پر اہل گجرات اللہ تعالیٰ اور ان کے شکرگزار ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ مجھے اور آپ کو پتہ ہے کہ پچھلے دس سال ہم نے کس کرب اور مشکلات میں گزارے ہیں، آر پی او دلی طور پر تبدیلی چاہتے ہیں اور اس کا آغاز گجرات سے ہوا ہے، گجرات کو محفوظ بنانے کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان سے اشتہاریوں کو پکڑنے میں بہت مدد ملے گی، دس سال میں صرف انتقامی پرچوں پر کارروائی کی جاتی رہی اور ہم نے عدالتوں سے ریلیف لیا،، پولیس مقابلوں اور جھوٹے پرچوں کا زور رہا، کوئی پرسان حال نہیں تھا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب کسی کے خلاف بھی انتقامی کارروائی نہیں کی اور اب بھی کہتا ہوں کہ میرٹ پر کارروائی اور انصاف کیا جائے چاہے میرا بھائی ہی کیوں نہ ہو، ہم نے اپنے مخالف کو بھی انصاف دینا ہے تو ہی عوام کو انصاف ملے گا، ہم سب نے مل کر پولیس کے ساتھ تعاون کرنا ہے اور اپنے شہر کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کرائم کنٹرول کرنے کیلئے 350 پٹرولنگ پوسٹیں بنائیں جس سے کرائم ریٹ بہت کم ہو گیا تھا لیکن بدقسمتی سے شہبازشریف اسے 500 کی مقررہ حد تک نہیں لے کر گئے اور پھر یہی وجہ تھی کہ راجن پور میں چھوٹو گینگ اور ماڈل ٹائون جیسے واقعات ہوئے، ہم نے کبھی رینجرز کو نہیں بلایا تھا، ٹریفک وارڈن کا نظام لائے جس سے ٹریفک نظام میں بہت بہتری آئی، میں نے سختی سے پولیس مقابلے بند کئے تھے اور کہا کہ پولیس صرف گرفتار کرے باقی سب اللہ اور عدالتوں پر چھوڑ دیں، عوام ڈاکو سے تو بچ جاتے ہیں لیکن شہبازشریف کی ڈولفن فورس سے نہیں بچتے، ان کو وردی بھی برفانی علاقوں والی پہنائی ہوئی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری چیف منسٹر سے بات ہوئی ہے کہ تمام پٹرولنگ پوسٹیں بنائی جائیں گی۔ تقریب میں تاشفین صفدر ایم این اے، ارکان پنجاب اسمبلی میاں اختر حیات، چودھری عبداللہ یوسف، چودھری شجاعت نواز اجنالہ، چودھری ارشد، خدیجہ فاروقی، چودھری محمد الیاس ضلعی صدر پی ٹی آئی، سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، پولیس افسر، ارکان مصالحتی کمیٹی، بلدیاتی نمائندے اور معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں