مجھے دکھ ہوتا ہے کہ شہبازشریف نے غریبوں کے 10ہزار سکول بند کر دئیے‘ چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے کہتا ہوں کہ وہیں سے کام شروع کریں جہاں سے ہم نے چھوڑا تھا‘ سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 20 مارچ 2019 20:40

لاہور/گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے غریبوں کے بچوں کو سرکاری سکولوں میں لانے کیلئے مفت تعلیم، کتابیں اور وظائف دئیے لیکن مجھے دکھ ہوتا ہے کہ ہمارے اقدامات کے برعکس شہبازشریف نے 10ہزار سکول بند کر دئیے جہاں غریب بچے تعلیم حاصل کرتے تھے، میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ہمیشہ کہتا ہوں کہ وہ وہیں سے کام شروع کریں جہاں سے ہم نے چھوڑا تھا، بنیادی پرائمری تعلیم سے شروع کریں گے تو ہی طلبہ یونیورسٹی اور ٹیکنیکل تعلیمی اداروں تک پہنچ سکیں گے۔

وہ دی ایجوکیٹرز سکول کے فیصل کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق ناظم چودھری شجاع زیب جوڑا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سید فیض الحسن شاہ، چودھری عبداللہ یوسف، سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود ، چیئرمین چودھری غلام رسول شارق، چودھری ہاشم زیب جوڑا اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے تالیوں کی گونج میں کہا کہ ہم نے سکول، کالج اور گجرات یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے بنائے، گجرات یونیورسٹی اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے جس میں 17ہزر طلبا و طالبات زیرتعلیم ہیں دیگر شہروں تک پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات بھی ہیں، میری خواہش ہے کہ کوئی ایسا مضمون نہ رہ جائے جو یہاں نہ پڑھایا جائے لیکن بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے گجرات یونیورسٹی کیلئے ایک پیسہ تک نہیں دیا کیونکہ تعلیم کو انہوں نے کبھی اہمیت ہی نہیں دی، چند دانش سکول بنا دینے سے تعلیم نہیں ملتی آج وہ سکول بھی نیلی پیلی ٹیکسی اور مکینکل تندور کی طرح فیل ہو چکے ہیں، ہم نے ہمیشہ عام اور غریب آدمی کی فلاح کیلئے منصوبے بنائے، تاریخ میں پہلی بار ایمرجنسی سروس 1122 بنائی، ایمرجنسی میں فری ادویات فراہم کیں، میں نے پنجاب میں 100 ارب سرپلس چھوڑا تھا آج صرف خزانہ ہی نہیں سب کچھ خالی ہے بلکہ قرضے میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہمارے دور میں کبھی ایسا نہیں ہوا تھا لیکن آج ایک بیڈ پر چار چار مریض ہیں، آج جس ڈنگہ روڈ سے ہم آئے وہی ہے جو میں نے 10 سال پہلے بنوائی تھی، سارے گجرات کا یہی حال ہے، مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں کے نمائندے پتہ نہیں کیا کرتے رہے یہ اگر اپنے وزیراعلیٰ کو کچھ کہہ نہیں سکتے تھے تو یہی کہہ دیتے کہ ہماری سڑکیں ہی مرمت کروا دیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ مجھے تعلیم سے منسلک ادارے میں آ کر خوشی ہوتی ہے، جب میں گجرات یونیورسٹی بنا رہا تھا تو لوگ کہتے تھے کہ پتہ نہیں کیا بن رہا ہے یہ چلے گا بھی یا نہیں لیکن جب یونیورسٹی بن گئی تو اللہ تعالیٰ نے بہت عزت دی، حکمران جب نیک نیتی سے کام کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی مدد بھی شامل ہوتی ہے، جب حکمران بدنیت اور بددیانت ہوں تو پھر یہی حلیہ ہوتا ہے جو شہبازشریف نے پنجاب کا اور نوازشریف نے پاکستان کا بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نیک نیت انسان ہیں ان کے دل کے اندر غریبوں کی محبت ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی نیک دل ہیں اور ان کو احساس ہے کہ عام گھر کے فرد کی ضروریات کیا ہیں، انشاء اللہ ہم مل کر عوام کی فلاح کیلئے کام کریں گے۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں