والد کا دوسری بیوی اور بچوں کو زیادہ پیار، پہلے بیٹے نے تمام اہلخانہ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی

سفاک بیٹے نے والد کو سر میں گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد پولیس میں شکایت بھی درج کروائی، پولیس نے تحقیقات کے بعد اصل ملزم کا سراغ لگا لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 12 نومبر 2020 12:19

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 12 نومبر 2020ء) بیٹے نے دوسری بیوی کو زیادہ توجہ دینے پر باپ کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 65 سالہ شخص کو بیٹے نے قتل کر دیا۔یہ واقعہ 12 دن قبل پیش آیا تھا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 65 سالہ شخص کو اس وقت سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا جب وہ سو رہا تھا۔

والد کو قتل کرنے والے بیٹے نے خود پولیس میں شکایت بھی درج کروائی تاکہ اس پر کسی کا شک نہ جا سکے۔تاہم پولیس نے واقعے کی ہر طرح سے تحقیقات کی اور آخر کار اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ملزم بیٹے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم بیٹے نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا کہ والد دوسری بیوی اور ان کے بچوں کو زیادہ پیار دیتے تھے اور زیادہ توجہ دیتے تھے جس وجہ سے انہیں قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ والد کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا اور والد کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے اگلے روز گھر واپس لوٹا تاکہ کوئی بھی اس پر شک نہ کر سکے۔ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ والد کو قتل کرنے کے بعد اس نے دیگر اہلخانہ کو بھی قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔مقامی پولیس کے مطابق اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ملزم نشے کا عادی تھا اور بری سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔

دوسری جانب شہدادکوٹ میں شوہر نے بیوی کو کلہاڑیوں کے وار سے قتل کردیا۔مقامی پولیس کے مطابق ملزم بچل مگسی نے دو ماہ قبل مقتولہ سے پسند کی شادی کی تھی۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقتولہ کے شوہر کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔دوسری جانب بہاولپور کی بسم اللّہ کالونی میں 10 دن قبل پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو زہر دے کر قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق لڑکی کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ لڑکی کو اس کے شوہر نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر زہر دے کر قتل کیا ہے۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں