ضلع گجرات کے لئے مالی سال 2021-22 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 35 میں سے 28 نئے ترقیاتی منصوبوں کے انتظامی منظوری کا عمل مکمل ہو گیا ہے

Shahid Bashir Kamboh شاہد بشیر کمبوہ منگل 21 ستمبر 2021 11:20

ضلع گجرات کے لئے مالی سال 2021-22 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 35 میں سے 28 نئے ترقیاتی منصوبوں کے انتظامی منظوری کا عمل مکمل ہو گیا ہے
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) ضلع گجرات کے لئے مالی سال 2021-22 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 35 میں سے 28 نئے ترقیاتی منصوبوں کے انتظامی منظوری کا عمل مکمل ہو گیا ہے، حکومت پنجاب نے نئے ترقیاتی پروگرام کے لئے دوارب روپے سے زائد کے فنڈز بھی جاری کر دیئے ہیں۔ یہ تفصیلات ایم این اے فیض الحسن شاہ زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی، ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر، ڈی پی او عمر سلامت نے بھی اجلاس سے خطاب کیا،ایم پی ایز میاں اخترحیات، سلیم سرور جوڑا،چوہدری لیاقت بھدر، چوہدری ارشد، چوہدری عبداللہ یوسف،نمائندہ ظہور پیلس قاضی سیف اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈسٹرکٹ کوآرڈیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے مالی سال کے 35 منصوبوں پر مجموعی طور پر 11 ارب 37 کروڑ روپے اخراجات کا تخمینہ ہے،اب تک ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کی 8 سکیموں میں سے 5 سکیموں کی انتظامی منظور ی ہو چکی ہے، ان منصوبوں میں ایک ارب روپے لاگت سے اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے ہدایت کی کہ اپر جہلم کنال پل سے ڈنگہ تک سڑک کی تعمیر کیلئے بھی تخمینہ تیار کیا جائے اور منظور ی کے لئے مجاز اتھارٹی کو بھیجوایا جائے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے4 میں سے 3 منصوبے منظو ر ہو چکے ہیں،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ 6 میں سے 5، ریسکیو 1122 کی 3 میں سے دومنصوبوں کی انتظامی منظوری دی جا چکی ہے، لوکل گورنمنٹ کے 4 منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، سوشل ویلفیئر کے ٹینڈر بھی طلب کر لئے گئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ 2 کا پی سی ون تیار کرکے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کو بھیجوا دیا گی ہے اسی طرح سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے 2 منصوبوں کی منظور ی بھی دی جاچکی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کمیونتی ڈویلپمنٹ پروگرام فیز 3 حکومت نے مزید فنڈ ز جاری کر دیئے ہیں، اسی طرح جاری ترقیاتی پروگرام کی 63 سکیموں پر اب تک فزیکل پروگریس 63 فیصد جبکہ فنانشل پروگریس 21 فیصد ہے، جون 2021تک ان پرجیکٹس پر 12 ہزار 135 ملین روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی محکمے عوامی نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور جاری ترقیاتی منصوبے بارے باخبر رکھا جائے۔ڈی پی او عمر سلامت نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کیمطابق تھانوں میں مقدمات کے فوری اندراج کے حوالے سے ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنا یا جارہا ہے، ایم این اے فیض الحسن شاہ نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی محکمے فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شہریوں کی شکایات کے ازالے پر بھر پور توجہ دیں۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں