جماعت اسلامی ضلع گجرات کے زیراہتمام گزشتہ روزاسلامک سنٹرگجرات میں آل پارٹیز کانفرنس انعقاد

Shahid Bashir Kamboh شاہد بشیر کمبوہ بدھ 13 اکتوبر 2021 11:34

جماعت اسلامی ضلع گجرات کے زیراہتمام گزشتہ روزاسلامک سنٹرگجرات میں آل پارٹیز کانفرنس انعقاد
گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2021ء) جماعت اسلامی ضلع گجرات کے زیراہتمام گزشتہ روزاسلامک سنٹرگجرات میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاءامیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم، سابق ایم این اے ملک محمد حنیف اعوان،چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویرکوٹلہ، صدرپی پی ضلع گجرات چوہدری ضیاءمحی الدین،میئرطاہرمانڈہ،جاوید بٹ ،صدرپریس کلب عبدالستارمرزا،قائم مقام امیرضلع جماعت اسلامی چوہدری انصردھول ایڈوکیٹ،سیکرٹری بارعرفان بشیرکنگ ودیگرنے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں ضلع گجرات میں قبضہ مافیا کی بڑھتی ہوئی منظم کاروائیوں، آئے روز فائرنگ، معصوم لوگوں کی ہلاکت، زمینوں پر نا جائز قبضے اور اس پر حکومت اور ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور بے حسی پرگہری تشویش کااظہار کیا، خصوصاً سانحہ میٹرو سٹی جیسے واقعات کا رونما ہونا ،عام آدمی کی جان، مال، عزت و آبرو کا غیر محفوظ ہونا اور انتظامیہ کی بے بسی اس بات کا ثبوت ہے کہ اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اور پورا ملک اور اس کے عوام لٹیروں، غاصبوں اور مافیاز کے رحم و کرم پر ہے،شرکاءنے ضلع گجرات میں 13 بڑی ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو این او سی جاری کرنے والی اتھارٹیز سے بھی سوال کیاکہ انہوں نے کس قانون کے تحت زرعی زمینوں پر ہاﺅسنگ سوسائٹیز بنانے کی اجازت دی ،شرکاءکاکہناتھاکہ ضلع گجرات میں ادھڑی سڑکوں، گندگی اور غلاظت کے ڈھیر اور سیوریج کے بد ترین ناقص انتظام نے عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔

اور باران رحمت کو بھی عملاََ زحمت بنا دیا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور بد انتظامی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ کوئی منصوبہ بر وقت مکمل نہیں ہو رہا اور اس کے نتیجے میں روزانہ سینکڑوں حادثات میں قیمتی جانوں اور اموال کا نقصان ہو رہا ہے۔کرپشن کا ناسور ویسے تو پورے ملک کے لئے ہی وبال جان ہے لیکن ضلع گجرات میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔

عام آدمی سرکاری اداروں میں اپنے جائز کاموں اور بنیادی حقوق کے لئے بھی ذلیل و خوار ہو رہے ہیں اور اقتدار کے نشے میں مست حکمران (حکومت اور اتحادی) مسائل کو حل کرنے کی بجائے الٹا کرپٹ اور سماج دشمن عناصر کی پشت پناہی میں مصروف ہیں۔ اوورسیز پاکستانی جو اپنی خون پسینے کی کمائی پاکستان بھیجتے ہیں ان کے گھر ، زمینیں اور عزت و آبرو بھی محفوظ نہیں ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاءنے حکومت اورانتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ سانحہ میٹرو سٹی میں مقامی لوگوں پر دائر کئے جانے والے مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے اور اس سانحے کی اعلی سطحی تحقیقات کرتے ہوئے اصل مجرموں کو تلاش کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ کھوہار میں بننے والی غیر قانونی فیکٹری کو بند کر کے عوام کو اذیت سے نجات دلائی جائے اورترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کو ختم کیا جائے، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق فی الفور بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں اور اختیارات عوامی نمائندوں کے سپرد کئے جائیں نیز حکومت اور ضلعی انتظامیہ ضلع گجرات کے عوام پر بزور قوت حکومت کرنے کی بجائے عوام کے مسائل کو سنے اور انہیں حل کرے۔

کانفرنس کے شرکاءنے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ضلع گجرات کے تمام مسائل کے حل کے لئے سیاسی مفادات سے بالا تر اور متحد ہو کر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں