خاندان کو داغ لگ گیا، ظہور الہٰی کے پوتے نے زرداری سے ڈالرز مانگے

زرداری نے کہا فکر نہ کرو تمہیں ڈالرز مل جائیں گے، چوہدری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت حسین کا سنگین الزام

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 جون 2022 23:18

خاندان کو داغ لگ گیا، ظہور الہٰی کے پوتے نے زرداری سے ڈالرز مانگے
گجرات (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2022ء) ق لیگ کے سینئر رہنما چودھری وجاہت حسین نے الزام عائد کیا ہے کہ ظہور الہٰی کے پوتے نے زرداری سے ڈالرز مانگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اور چوہدری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت حسین کی جانب سے گجرات میں ورکرز سے خطاب کے دوران سنگین الزامات عائد کیے گئے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق چودھری وجاہت حسین نے الزام عائد کیا ہے کہ خاندان کو داغ لگ گیا، ظہور الہٰی کے پوتے نے زرداری سے ڈالرز مانگے، زرداری نے کہا فکر نہ کرو تمہیں بھی ڈالرز مل جائیں گے۔

جبکہ ہم نیوز کے مطابق ق لیگی رہنماء اور چودھری شجاعت کے بھائی چودھری وجاہت حسین کا کہنا ہے کہ ہم نئی جماعت بنائیں گے، 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کرتے رہے، چودھری شجاعت حسین کو ان کے بیٹوں نے یرغمال بنارکھا ہے، چودھری شجاعت حسین کو اولاد خراب کررہی ہے۔

(جاری ہے)

چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ الیکشن کسی وقت بھی متوقع عوام کی رائے سے کوئی لا علم نہیں، چودھری شجاعت نے کہا عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویزالہٰی ایک تھے اور ہیں، لیکن اب کیا وقت آگیا ہے کہ ایک بھائی کے آگے اور دوسرے کے پیچھے پولیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالہٰی خاندان کو نہ جانے کس کی نظرلگ گئی، چودھری شجاعت کے گھر کبھی زرداری کبھی شہباز اور کبھی مولانا پہنچ جاتے ہیں، طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا ہے، زرداری جتنے پیسے بانٹتا پھرتا ہے اتنے چودھری شجاعت خیرات دیا کرتے ہیں، لیکن افسوس ہے شجاعت حسین کا بیٹا زرداری سے ڈالر مانگ رہا ہے، پی پی31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار عمران مسعود ہی ہیں، چودھری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں، سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ جونیجو دور سے لے کئی سالوں تک نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا، نوازشریف جب جدہ گئے تب ساتھ چھوڑا، مشرف کا ساتھ بھی اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے، پی ڈی ایم کو جب تک ٹیک دینے والے اور باہر کی قوتیں ساتھ ہیں چلیں گے، ٹیک دینے والے اور باہر کی قوتیں ساتھ نہ دیں تو وہ نہیں چل سکتے۔ اسی طرح چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے حسین الٰہی نے کہا کہ جو ہمارے حلقوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں، ہم مخالفین کا دلیری سے مقابلہ کرینگے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں