مشکلات کے باوجود آزاد کشمیر حکومت شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے پر عزم ہے،سردار مسعود خان

تعلیم وصحت کی سہولتوں کی فراہمی حکومت آزاد کشمیر کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ،حکومت طے شدہ ہداف حاصل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، صدر آزاد کشمیر

جمعرات 14 مارچ 2019 18:48

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مشکلات کے باوجود آزاد کشمیر کی حکومت شہریوں خاص طور پر دور دراز علاقوں کے باسیوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔ گجرات میں کٹے ہونٹوں اور تالوں کے علاج کے لیے قائم عائشہ بشیر کلفٹ ہسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی حکومت آزاد کشمیر کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور حکومت ان دو شعبوں میں طے شدہ ہداف حاصل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔

صدر سردار مسعود خان نے کلفٹ ہسپتال کا دورہ ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز بشیر کی دعوت پر کیا ۔ کٹے ہونٹوں اور تالو کے مریضوں کے لیی1995 میں قائم ہونے والا ملک کا یہ پہلا ہسپتال ہے جو غریب اور مستحق مریضوں کو آپریشن کی مفت سہولتیں مہیا کرنے کے علاوہ درست بولنے کے لیے جدید آلات کی فراہمی سمیت مریضوں کے دانتوں اور نفسیاتی مسائل کے حل میں خدمات مہیا کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور اس میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا مشاہدہ کیا ۔ ہسپتال کے دورے کے دوران صدر آزاد کشمیر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے بھی ملاقات اور اُن کی عیادت بھی کی ۔ اپنے خطاب میں صدر آزاد کشمیر نے ڈاکٹر اعجاز اور اُن کی ٹیم کو ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے ہسپتال کی شاندار کامیابی اور اس ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو اعلیٰ طبی سہولیات مہیا کرنے پر مبارکباد دی ۔

انہوں نے برطانیہ سے آئے ہوئے پلاسٹک سرجری کے ماہر ڈاکٹر نک ہارٹ اور اُن کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے برطانیہ سے پاکستان تک کا سفر کر کے یہاں مریضوں کے بلا معاوضہ آپریشن کئے اور کلفٹ ہسپتال کے عملہ اور ڈاکٹروں کو تربیت کی سہولتیں فراہم کی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کلفٹ ہسپتال کی انتظامیہ ، ڈاکٹر نک ہارٹ اور اُن کی ٹیم کو مظفرآباد کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کٹے ہونٹوں اور تالوں کے مریضوں کے لیے ایسا ہی ہسپتال اگر آزاد کشمیر میں بنایا جائے تو حکومت اس کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ڈاکٹر اعجاز بشیر نے عالمی معیار کا کلفٹ ہسپتال تیار کر کے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے اور ایسے افراد کی حوصلہ افزائی حکومت اور شہریوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کلفٹ ہسپتال کا دورہ کر کے دلی خوشی ہوئی ہے کیونکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں زندگیاں بدلی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمار قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ بچے جو پیدائشی طور پرص صحیح بولنے سے معذور ہوتے ہیں وہ ہماری توجہ کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں