سندھ کے نئے انسپکٹرآئی جی پی ‘ ڈاکٹر کلیم امام کو تعیناتی پر گجراتی قومی موومنٹ کی مبارکباد

بدھ 12 ستمبر 2018 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2018ء) گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین گجراتی سرکار محمد عرفان سولنگی عرف پٹی والا ‘ سینئر وائس چیئرمین طارق صدیقی اور رہنما شعبہ خواتین ارم رحیم عبداللہ نے سندھ حکومت کی سفارش پر وفاقی حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ تعینات کئے جانے والے ڈاکٹر کلیم امام کو بطور آئی جی سندھ تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے اور سندھ سے جرائم کے خاتمہ و سندھ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے ان کے عزم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں تعلیم یافتہ ‘ قابل‘ با کردار‘ دیانتدار ‘ فرض شناس ‘ حلیم الطبع ‘ رحم دل اور انصاف پسند افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے مگر اس کے باوجود محکمہ پولیس کی امن و تحفظ کی فراہمی میں ناکامی اور عوامی اعتماد سے محرومی کی وجوہات میں اولین وجہ اس محکمہ کو ملنے والے فنڈز کی خرد برد ہے جس کی وجہ سے پولیس اور تھانے بنیادی و ضروری وسائل سے محروم ہیں‘ دوسری وجہ کارکردگی کی بجائے چاپلوسی اور سیاسی روابط کی بنیادوں پر تقرری و تبادلوں کی روایت ہے جبکہ تیسری وجہ محکمہ پولیس کے افسران واہلکاروں کی تربیت کی وہ خامی ہے جس کی وجہ سے پولیس کے افسران و اہلکار اپنی سرکاری و محکماتی طاقت کو عوامی فلاح و بہبود کی بجائے اپنی ذات کیلئے مختص کرلیتے ہیں اور پھر پولیس گردی کا وہ طوفان اٹھتا ہے جومعاشرے کو پر امن و محفوظ بنانے کی بجائے مجرموں اور امن دشمنوں کا سرپرست اور غریبوں و شریفوں کا دشمن بن جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اسلئے محکمہ پولیس کو کرپشن سے نجات دلانے کیساتھ پولیس ٹریننگ میں اخلاق و کردار سازی پر توجہ اور اس محکمہ کو شراب و منشیات کے عادی اورمجرموں و امن دشمنی کی سرپرستی کرنے اور ان سے دوستی رکھنے والے افراد سے بھی پاک کیا جائے ‘چاپلوسی کی بجائے کارکردگی کی بنیاد پر افسران کی پوسٹنگ کی جائے ‘ جرائم کی سرپرستی اور جرائم پیشہ عناصر سے دوستی رکھنے والے افسران و اہلکاروں کا کڑا محاسبہ کیا جائے ‘سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کو بھی پنجاب پولیس کے مساوی تنخواہیں اور مراعات دی جائیںتاکہ وہ اپنے گھر کی کفالت اور بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے رشوت لینے پر مجبور نہ ہوںکیونکہ پولیس کانظام و قبلہ درست کرکے محکمہ پولیس کا ’’ظالم محکمہ ‘‘ کا کردار ختم اور ’’محافظ محکمہ ‘‘ کا اس کا سابق تشخص پھر سے بحال کرکے نو تعینات آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام کے عزائم کی تکمیل ممکن ہے اس کے بناء سب سراب و خواب اور دھوکا و بیان کے سوا کچھ نہیں ہے !

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں