گجرات پولیس فنڈز میں 2 ارب 96 کروڑ کرپشن کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی

کرپشن میں ملوث پولیس افسران کیخلاف اکائونٹنٹ رضوان اشرف وعدہ معاف گواہ بن گیا

ہفتہ 14 نومبر 2020 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2020ء) گجرات پولیس فنڈز میں 2 ارب 96 کروڑ کرپشن کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، کرپشن میں ملوث پولیس افسران کیخلاف اکائونٹنٹ رضوان اشرف وعدہ معاف گواہ بن گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت کے رو برو وعدہ معاف گواہ رضوان اشرف نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ سابق ڈی پی او رائے اعجاز، رائے ضمیر، کامران ممتاز اور سہیل ظفر کے کہنے پر کرپشن کی۔

پٹرول، تنخواہ، یوٹیلیٹی بلز اور انویسٹی گیشن ہیڈ کی مد میں کرپشن کی گئی۔رضوان اشرف نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ آفس کے اہلکاروں کے ساتھ ملکر جعلی بل منظور کروائے، چاروں سابق ڈی پی اوز کی حکم پر کرپشن کرتا تھا، چھوٹے اہلکاروں کو حصہ بقدر جسہ دیتا تھا۔وعدہ معاف گواہ نے بیان میں بتایا کہ بڑے افسران کے فنکشن ارینج کرتا، مہمان داریاں کرتا، کنارہ ریسٹورنٹ گجرات میں انکے کھانے وغیرہ کرواتا تھا، ڈی پی اوز کی بیگمات کو شاپنگ وغیرہ بھی کرواتا رہا، کرپشن کے پیسے کی بندر بانٹ پر اختلافات ہوئے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید بتایا گیا کہ سہیل ظفر چھٹہ کو 45 لاکھ جان بچانے کے لئے دئیے، کرپشن میں میرا حصہ 1 کروڑ بنا جس میں سے 55 لاکھ کا گھر خریدا، خریدا گیا گھر بھانجی کے نام پر تھا جو نیب کو سرنڈر کردیا ہے، کرپشن کا سب سے زیادہ حصہ رائے ضمیر اور اس کا بیٹا رائے اعجاز، سہیل ظفر اور کامران ممتاز کو دیا، نیب پراسیکیوٹر حارث شفیق قریشی نے بیان قلمبند کروایا۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں