غیر رجسٹرڈ افراد بینظیرانکم سپورٹ کے تحصیل دفاتر سے اپنی رجسٹریشن مکمل کر کے مفت آٹا حاصل کر سکتے ہیں، ڈپٹی کمشنرصفدرحسین ورک

پیر 27 مارچ 2023 19:30

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2023ء) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ایسے افراد جن کا نام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ نہیں ہے ،وہ بے نظیر انکم سپورٹ کے تحصیل دفاتر سے اپنی رجسٹریشن مکمل کرواسکتے ہیں اور مفت آٹا حاصل کرسکتے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور نگران وزیر اعلی پنجاب محسن رضا نقوی کے ریلیف پیکج کے تحت آٹا کی فراہمی جاری ہے، ضلع بھر میں 21 مراکز پرمفت آٹا کی فراہمی کی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ گجرات تحصیل کے شہری بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر گجرات، نظام آباد شادمان کالونی، تحصیل کھاریاں کے شہری بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر جناح کالونی بالمقابل ٹی ایچ کیو ہسپتال جی ٹی روڈ کھاریاں اور تحصیل سرائے عالمگیر کے شہری ہائوس نمبر 20 راجر کیمپ نزد واپڈا گریڈ اسٹیشن سے اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں اور مفت آٹا کے حصول کے لیے اہل ہوسکتے ہیں، شہری اپنی اہلیت اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8070 پر بھیج کر چیک کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ایسے افراد جو ایک تھیلا حاصل کرچکے ہیں اور ان کے 8 دن مکمل ہوچکے ہیں ،ان کو اب 2 تھیلے اکٹھے ملیں گے اور ایسے افراد جن کی آمدن نادرا ریکارڈ کے مطابق 60 ہزار سے کم ہے ان کو بھی 1 آٹا کا تھیلا مفت ملے گا، مفت آٹا کی فراہمی 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گی، اہل شہری جلد از جلد اپنی قریبی مراکز پر تشریف لائیں اور حکومت پنجاب کی طرف سے ریلیف پیکج کے تحت مفت آٹا حاصل کریں۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں