ایشیائی پارلیمانی کانفرنس میں 97وفود کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ، صادق سنجرانی

گوادر میں کانفرنس منعقد کرنا انتہائی مشکل فیصلہ تھا تاہم کانفرنس کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، ابھی تک 26 ممالک نے وفود بھیجنے کا عندیہ دیا ہے، چیئرمین سینٹ پروگرام کو گوادر میں رکھنے کا مقصد اس شہرکی شہرت میں اضافہ کرنا اور دنیا کو دکھانا ہے،ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے ذریعے گوادر کو دنیا کے سامنے لانے کا اہم موقع ملے گا، سینیٹر شبلی فراز/ مولانا عبدالغفور حیدری

پیر 22 اکتوبر 2018 22:18

ایشیائی پارلیمانی کانفرنس میں 97وفود کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ، صادق سنجرانی
گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایشیائی پارلیمانی کانفرس کے لیے 97 وفود کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے، گوادر میں کانفرنس منعقد کرنا انتہائی مشکل فیصلہ تھا تاہم کانفرنس کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، ابھی تک 26 ممالک نے وفود بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ مدعو کیے گئے تمام وفود 28 اکتوبر سے آنا شروع ہو جائیں گے جبکہ بھارت نے اس کانفرنس میں آنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف شبلی فراز نے کہا کہ ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے ذریعے گوادر کو دنیا کے سامنے لانے کا اہم موقع ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ گوادر شہر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف ممالک کے آنے سے دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام جائے گا۔جمیعت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر غفور حیدری نے اس موقع پر کہا کہ اس پروگرام کو گوادر میں رکھنے کا مقصد اس شہرکی شہرت میں اضافہ کرنا اور دنیا کو دکھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سی پیک کا اہم حصہ ہے اور ترقی کا بڑا ذریعہ ہے۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا جلد جاری کر دیا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کو گوادر میں منعقد کرنے کا اعزاز صادق سنجرانی کو جاتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی نے کہا کہ کانفرنس کو گوادر میں منعقد کرنا ایک بڑا فیصلہ تھا، ایسا فیصلہ پہلی بار لیا گیا ہے۔۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں