ملک کے اہم ترین ضلع میں مکمل لاک ڈاون نافذ

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں 15 روز کیلئے دکانیں، ہوٹل، ریسٹورنٹ سب کچھ بند، تمام پارکس،کھیلوں کے میدان اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 جولائی 2021 23:40

ملک کے اہم ترین ضلع میں مکمل لاک ڈاون نافذ
گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2021ء) ملک کے اہم ترین ضلع میں مکمل لاک ڈاون نافذ، بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں 15 روز کیلئے دکانیں، ہوٹل، ریسٹورنٹ سب کچھ بند، تمام پارکس،کھیلوں کے میدان اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر، ضلع گوادر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث مکمل لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے گوادر کے ڈپٹی کمشنر میجر (ر) عبدالکبیر خان زرکون کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضلع میں کورونا وائرس کے کیسز میں تشویش ناک اضافے کے بعد ساحلی شہر میں مکمل لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاک ڈاون کا دورانیہ 15 روز ہو گا، لاک ڈاون کے دوران شہر کی تمام دکانیں، ہوٹل اور ریسٹورانٹ اگلے مکمل بند رہیں گے، صرف مخصوصی دکانوں کو لاک ڈاون کے دوران استثنیٰ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

جو دکانیں لاک ڈاون سے مستثنیٰ ہیں ان میں صرف ان لوگوں کو داخلے کی اجازت ہوگی جو ویکسین لگوا چکے، جبکہ ماسک پہننا بھی لازمی ہوگا۔ لاک ڈاون کے دوران روزمرہ اشیاء کی فراہمی والی دکانوں اور میڈیکل اسٹورز کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ گوادر شہر کا سب سے اہم ترین کاروبار مچھلی مارکیٹ بھی اگلے پندرہ دن کیلئے بند رہے گی۔ سیاح ، وزٹرز اور تبلیغی جماعت کے ارکان اگلے پندرہ دن تک ضلع گوادر میں داخل نہیں ہوسکیں گے، لاک ڈاون کے دوران تمام پارکس ،کھیلوں کے میدان اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہوگی ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 34 ہوگئی جن میں سے 923,472 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ مثبت کیسز کی شرح 5.65 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 25 ہزار 215 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1425 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 51 ہزار 707، سندھ میں 3 لاکھ 62 ہزار 182، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 41 ہزار 359، بلوچستان میں 29 ہزار 357، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 607، اسلام آباد میں 85 ہزار 230 جبکہ آزاد کشمیر میں 22 ہزار 592 کیسز رپورٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار 909 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 5 ہزار 785، خیبرپختونخوا 4 ہزار 405، اسلام آباد 789، گلگت بلتستان 122، بلوچستان میں 321 اور آزاد کشمیر میں 608 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب تک ملک بھر میں 68 لاکھ 69 ہزار 346 افراد کو کورونا ویکسین کی مکمل خوراک جبکہ ایک کروڑ 92 لاکھ 7 ہزار 382 افراد کو سنگل خوراک دی جاچکی ہے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں