کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز ، دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ

بلوچستان کے ضلع گوادر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اطلاق اتوار 25 جولائی سے ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر گوادر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 24 جولائی 2021 11:08

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز ، دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ
گوادر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2021ء) : کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر بلوچستان کے ضلع گوادر میں دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز ایک مرتبہ پھر سے ملک بھر میں بڑھ رہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے ، یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز پر بلوچستان کے ضلع گوادر میں دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اطلاق اتوار 25 جولائی سے ہو گا۔

(جاری ہے)

لاک ڈاؤن کے دوران کریانہ اسٹور، پھل سبزیوں کی دکانیں، میڈیکل سٹور اور پیڑول پمپس کھلے رہیں گے۔ صرف ویکسین لگوانے والوں کو آمدورفت کی اجازت ہو گی۔

عوام کو ماسک کی پابندی بھی کرنا ہوگی۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 32 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملک میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 971 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید ایک ہزار 841 کیسز رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 4.89 فیصد سے بھی زیادہ رہی۔ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر گذشتہ روز سندھ بھر میں ایک بار پھر پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں پیر سے شادی ہالز اور دیگر تقریبات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور ہفتے میں 2 دن مارکیٹیں بھی بند رکھی جائیں گی جس کے لیے جمعہ اور اتوار کے دن مقرر کیے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں صوبے بھر میں پیر سے تعلیمی ادارے بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم صوبے میں امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے اس کے علاوہ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہوگا جب کہ پیر سے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گے، کریانہ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی جب کہ صوبے بھر میں درگاہیں بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ریسٹورینٹس پیر سے انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں بند ہوں گے اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جن افراد نے ایک ہفتے کے اندر ویکسین نہ لگوائی تو سِم بلاک ہوجائے گی۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں