ضلع گوادر کی سمندری حدود میں غیر قانونی فشنگ کے تدارک کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

گوادر ہمارا قیمتی اثاثہ ہے گوادر اور اسکے لوگوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ،گوادر کے لوگوں کے حقوق کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیا جائیگا،میر عبدالقدوس بزنجو

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:24

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے میر عبدالغفور ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین میر ارشد کلمتی کی قیادت میں ماہی گیروں کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی ۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی اور چیف سیکریٹری مطہر نیاز رانا بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو غیر قانونی فشنگ ،ماہی گیرکالونی اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ضلع گوادر کی سمندری حدود میں غیر قانونی فشنگ کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں،غیر قانونی ماہی گیری کے مکمل خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،ماہی گیروں کے مفادات اور روزگار کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ہم اپنی یہ زمہ داری پوری کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوادر ہمارا قیمتی اثاثہ ہے گوادر اور اسکے لوگوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح گوادر کے لوگوں کے حقوق کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیا جائے گاحکومت ماہی گیروں اور عام لوگوں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام اپنی حکومت پر مکمل اعتماد رکھیںگوادر کی ترقی ہماری حکومت کی مربوط پالیسی کا اہم حصہ ہے جب سے ہماری حکومت قائم ہوئی ہے ہماری تما م تر توجہ گوادر کی ترقی کی جانب مرکوز ہے موجودہ حکومت غیرقانونی ٹرالنگ کے مستقل بنیادوں پر خاتمہ کے ذریعے مقامی لوگوں کے روزگار و حقوق کو تحفظ دیگی وفدنے غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام اور ماہی گیروں کے روزگار و حقوق کے تحفظ کے لئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے ماہی گیر کسی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں