سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا، گوادر پورٹ ایک اہم خطے میں واقع ہے، پاکستان ، چین اور سعودی عرب کی دوستی اور باہمی اشتراک عالمی مثال ہوگا

سعودی وزیر شہزادہ خالد عبدالعزیز الفالح کی گوادر میں وفاقی وزراء کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں گفتگو سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی، پاکستان اور سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کریں گے، غلام سرور خان

اتوار 13 جنوری 2019 00:00

گوادر/ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2019ء) سعودی عرب کی وزیر توانائی، صنعت و معدنی وسائل شہزادہ خالد عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا، گوادر پورٹ ایک اہم خطے میں واقع ہے، پاکستان ، چین اور سعودی عرب کی دوستی اور باہمی اشتراک عالمی مثال ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گوادر کے دورہ کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کیلئے مختلف معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کے دوران کیا۔

سعودی وزیر کے دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنا، پاکستان میں ریفائننگ، پیٹروکیمیکل، کان کنی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے مشاورت کرنا، گوادر بندرگاہ میں پائے جانے والے امکانات اور منصوبوں پر آگاہی حاصل کرنا، دونوں ممالک کے مابین برآمدات کو بڑھانے کے مواقع پر غور کرنا، نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کے حوالے سے حوصلہ افزائی کرنا اور اٴْن کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے اقدامات کو آسان بنانا ہے۔

(جاری ہے)

چائینہ بزنس کمپلیکس میں منعقدہ اجلاس میں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین خان جمالدینی اور جی ڈی اے کے ڈی جی ڈاکٹر سجاد بلوچ نے وفد کو گوادر پورٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوادر پاکستان کے انتہائی جنوب مغرب میں اور دنیا کے سب سے بڑے بحری تجارتی راستے پر واقع صوبہ بلوچستان کا اہم شہر ہے جو اپنے شاندار محل وقوع اور زیر تعمیر جدید ترین بندرگاہ کے باعث عالمی سطح پر معروف ہے۔

اس موقع پر شہزادہ خالد عبدالعزیز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحکام کیلئے اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ ایک اہم خطے میں واقع ہے، پاکستان ، چین اور سعودی عرب کی دوستی اور باہمی اشتراک عالمی مثال ہوگا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی،پاکستان میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔اس سے پہلے سعودی وزیر شہزادہ خالد عبدالعزیز الفالح اپنے وفد کے ہمراہ گوادر پہنچے تو ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان اور وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی ایڈیشنل سیکرٹری، صوبائی وزیر ظہور بلیدی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ سکول کے بچوں نے سعودی مہمان کو گلدستہ بھی پیش کیا۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں