گوادر،پسنی میں بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں کا شدیداحتجاج،مین شاہراہ پر ٹائر جلا دیے،ٹریفک کی آمدورفت بند

بدھ 19 جون 2019 23:09

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) پسنی میں بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں کا شدیداحتجاج،مین شاہراہ پر ٹائر جلا دیے،ٹریفک کی آمدورفت بند،ایک ہفتے سے علاقے کا ٹرانسفارمر جل گیا ہے مرمت کے لیے کیسکو افسران پیسے مانگ رہے ہیں ،احتجاجی مظاہرین تفصیلات کے مطابق پسنی کے علاقے وارڈباغبازار کے رہائشیوں نے ایک ہفتے سے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف ہڑتال کردی ،مین شاہراہ پر ٹائر جلاکر اور رکاوٹیں کھڑی کے اسے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کردیا جبکہ پولیس نے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی تو مشتعل مظاہرین نے نعرہ بازی شروع کردی اور پولیس کو رکاوٹیں ہٹانے سے منع کردیا،احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ انکے علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے سے ٹرانسفارمر جل جانے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی بند ہے کیسکو کے اہلکار ٹرانسفارمر اٹھاکر لے گئے ہیں اور اسکی مرمت کے لیے 80ہزار روپے طلب کررہے ہیں مظاہرین نے بتایا کہ وہ باقاعدہ طورپر بجلی کے بلوں کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن کیسکو افسران ان سے زبردستی پیسے بٹورنا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ کیسکو افسران نے کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے احتجاجی مظاہرین نے انتظامیہ اور دیگر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی یقین دہانی پر دو دن کے لیے اپنا احتجاج موخر کردیا اور بتایا کہ اگر انکے علاقے کی بجلی بحال نہ کی گئی تو وہ سخت ردعمل دینے سے بھی گریز نہیں کرینگے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں