گوادر میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگیا

ایئرپورٹ پر A380 بوئنگ سمیت دنیا کے دیگر بڑے سے بڑے جہازوں کی ہینڈلنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی

جمعہ 8 نومبر 2019 20:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) گوادر میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگیا، ایئرپورٹ پر A380 بوئنگ سمیت دنیا کے دیگر بڑے سے بڑے جہازوں کی ہینڈلنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ ذرائع کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گوادر میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگیا ہے ،گوادر میں ایئر پورٹ کے تعمیر کے باقاعدہ آغاز کے لئے ہیوی میشنری اور افرادی قوت کو پہنچا دیا گیا ہے‘ بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ کے ڈیزائن اور فزیبلٹی کا بنیادی کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر سے سی پیک کے فریم ورک میں ایک اہم مقام حاصل ہو جائے گا جبکہ اس سے گوادر عالمی سطح پر ایوی ایشن کی صنعت کا ایک اہم مرکز بھی بنے گا۔

(جاری ہے)

اس ایئرپورٹ پر A380 بوئنگ سمیت دنیا کے دیگر بڑے سے بڑے جہازوں کی ہینڈلنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی آمد و رفت میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ ایئرپورٹ کے شمال مشرق میں 26 کلومیٹر دوری پر تین ہزار ایکڑ زمین کی نشاندہی کی ہے۔ نئے ایئرپورٹ کو بین الاقوامی سٹیٹس حاصل ہوگا جو اوپن سکائی پالیسی کے تحت چلایا جائے گا۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں