سی پیک ملکی ترقی کا منصوبہ ہے،جس رفتار سے 2018 میں کام چھوڑا تھا ،گوادر میں اسی رفتار سے دوبارہ شروع کریں گے، احسن اقبال

گوادر میں ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کاگوادر یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب

منگل 17 مئی 2022 21:30

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک ملکی ترقی کا منصوبہ ہے،علم وتحقیق اور جستجو سے دنیا میں ترقی ممکن ہے، جس رفتار سے 2018 میں کام چھوڑا تھا ،گوادر میں اسی رفتار سے دوبارہ شروع کریں گے، گوادر میں ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے، گوادر کے طلباء کو سکالرشپ دیں گے۔

منگل کو گوادر یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کا منصوبہ ہے،پچھلی حکومت نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی،ہم ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ عوام پر بھی خرچ کررہے ہیں،سی پیک کے منصوبے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں،گوادر میں آپ سے 4 یا 5 سال بعد مخاطب ہونے کا موقع ملا، اپنے پچھلے دور میں گوادر کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے کام کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے گوادر میں ہائیر ایجوکیشن کو اہمیت دی، اگر تعلیم نہیں ہوگی تو ترقی کا عمل رک جائیگا، کوشش ہے کہ 2 سے 3 سال میں یونیورسٹی کا کیمپس مکمل ہو جائے۔اس یونیورسٹی کو سینٹرآف ایکسیلینس بنائیں گے،بلوچستان کے خطے کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ انہوںنے کہاکہ تعصب اور عصبیت کی سوچ کا مقابلہ علم سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف کو تشدد سے نہیں ، مکالمے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

علم اور تحقیق اور جستجو سے دنیا میں ترقی ممکن ہے۔ میں گوادر کی ترقی سے منسلک رہا ہوں،ہم نے گوادر کے شہریوں کے لئے محنت کی، کئی منصوبے شروع کئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بجلی اور پانی کے منصوبے شروع کئے ،ہمیں امید تھی کہ دو سال میں مکمل ہوجائیں گے ،لیکن مجھے افسوس ہواکہ ہمارے شروع کئے گئے منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔ 2017 میں گوادر میں ڈیمز کے منصوبے شروع کئے لیکن پچھلی حکومت کی غفلت سے یہ ڈیمز تاخیر کا شکار ہوئے۔

اسلام آباد میٹرو کا منصوبہ چار سال غیر ضروری تاخیر کا شکار ہوا،ہم نے اگر دس دن میں اس کو چالو کیا۔جس رفتار سے 2018 میں کام چھوڑا تھا ،گوادر میں اسی رفتار سے دوبارہ شروع کریں گے۔ گوادر میں ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔ گوادر میں ہسپتال اپ گریڈ کریں گے۔ گوادر میں یونیورسٹی کا کیمپس قائم کریں گے اور گوادر کے طلباء کو سکالرشپ دیں گے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں