ہمارا عزم منشیات سے پاک صحت مند معاشرہ ،اہلیان گوادر

پیر 27 جون 2022 23:41

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء) دور حاضر کا سب سے بڑا اور عظیم ترین المیہ منشیات کا استعمال ہے اقوام متحدہ کے اعداد و شمارکے مطابق، پاکستان میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد 6.7 ملین ہے، جن میں سے 4 ملین سے زائد افراد نشے کے باقاعدہ عادی ہیں۔ یہ دنیا کے کسی بھی ملک کیلئے بہت بڑی تعداد ہے۔ پاکستان میں 15 سے 64 سال کی عمر کے 800,000 سے زائد افراد ہیروئن جیسے مہلک نشے کے عادی ہیں۔

منشیات کا استعمال اور پھیلاؤ کسی جان لیوا وبا سے کم نہیں جو ایک صحت مند معاشرے کو کھوکھلا کر کے رکھ دیتی ہے۔منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہی واحد حل ہے اور ٹھوس اقدامات کی پہلی کڑی ، عوام کو منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے جسمانی، نفسیاتی ، معاشی و معاشرتی خطرات سے آگاہی دلوانا ہے ، تاکہ عا م افراد اس کے مضمرات سے خود کو اور اپنے معاشرے کو محفوظ رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہی خیالات کے پیش نظر، اینٹی نارکوٹکس فورس اور گوادر کی سول سوسائٹی نے پاک فوج کے تعاون سے منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف منشیات کے عالمی دن کے موقع پر 26 جون 2022 کو میرین ڈرائیو پر منشیات سے متعلق آگاہی واک کا اہتمام کیا۔اس تقریب میں زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں سول انتظامیہ، اینٹی نارکوٹکس فورس ، پاک فوج ، پاک بحریہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے، سول سوسائٹی کے اراکین، طلباء و اساتذہ ، میڈیا کے نمائندیاور مقامی افراد شامل تھے۔

مقررین نے نوجوانوں کو نہ صرف منشیات کے مضمرات کے متعلق آگاہی دی بلکہ اس کے سدباب کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ شرکا نے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے منشیات کے استعمال کے خلاف شعورو آگاہی بیدار کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔منشیات کے خلاف اس آگاہی واک کا مقصد منشیات کے استعمال کے منفی سماجی نتائج کی روک تھام، ضلع گوادر کے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہ کر تعلیم وتدریس پر توجہ دلوانا ، منشیات سے متعلق جرائم اور تشدد میں کمی شامل ہیں۔مقامی آبادی نے آگاہی مہم کے انعقاد پر منتظمین کی کوششوں کو سراہا جس کے باعث عوام بالخصوص نوجوانوں کو منشیات کے منفی اثرات سے آگاہی دلوانے کے اقدامات کئے گئے۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں