حافظ آباد،چھیڑ خوانی سے منع کرنے پر با اثر چودھری کی اندھا دھند فائرنگ سے خواجہ سراء جاں بحق

جمعہ 20 جولائی 2018 20:07

حافظ آباد،چھیڑ خوانی سے منع کرنے پر با اثر چودھری کی اندھا دھند فائرنگ سے خواجہ سراء جاں بحق
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) حافظ آبادمیں شادی کی تقریب کے دوران چھیڑ خوانی سے منع کرنے پر با اثر چودھری کی اندھا دھند فائرنگ سے خواجہ سراء جاں بحق ہو گیا۔واقعہ کے خلاف خواجہ سرائوں نے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی۔حافظ آباد کے نواحی گائوں چینیانوالی میں جمشید نامی نوجوان کی شادی تھی ۔

(جاری ہے)

شادی کی تقریب میں بلائے گئے خواجہ سراء ڈانس میں مصروف تھے جہاں دولہا کے قریبی عزیز محمد اشفاق بھولا نے خواجہ سرائوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ثانیہ نامی خواجہ سراء شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

جاں بحق خواجہ سراء کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ تو لوگوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے پروگراموں میں جاتے ہیں لیکن فائرنگ اور تشدد کے واقعات ہمارے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے۔چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ کا نوٹس لیتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کریں۔واقعہ کے خلاف خواجہ سرائوں کی بڑی تعداد ہسپتال جمع ہو گئی جہاں اُنہوں نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی ۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جلد ملزم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں