حافظ آباد میں پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں تصادم، دونوں پارٹیوں کے 10 کارکن زخمی

پی ٹی آئی کارکنوں نی(ن) لیگ کے الیکشن آفس سمیت صوبائی امیدوار ڈاکٹر مظفر علی شیخ کے نجی اسپتال میں بھی توڑ پھوڑ کی

بدھ 18 جولائی 2018 12:49

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) حافظ آبادمیں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں شدید نعرے بازی کے بعد جھگڑا ہوگیا،جھگڑے کے دوران دونوں پارٹیوں کے 10 کارکن زخمی ہوگے ،پی ٹی آئی کارکنوں نے مسلم لیگ ن کے الیکشن آفس سمیت ن لیگ کے صوبائی امیدوار ڈاکٹر مظفر علی شیخ کے نجی اسپتال میں بھی توڑ پھوڑ کی ۔

پولیس کے مطابق نماز فجر سے پہلے مسلم لیگ ن کی کارنر میٹنگ کے دوران پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں شدید نعرے بازی کے بعد جھگڑا ہوگیا۔

(جاری ہے)

واقعہ چوک فاروق اعظم کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ن لیگ کی کارنر میٹنگ جاری تھی، اس دوران وہاں سے پی ٹی آئی کے قافلہ گزرا۔دونوں جانب سے نعرے بازی کی گئی جس کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا شروع ہوگیا۔

جھگڑے کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے مسلم لیگ ن کے الیکشن آفس سمیت ن لیگ کے صوبائی امیدوار ڈاکٹر مظفر علی شیخ کے نجی اسپتال میں بھی توڑ پھوڑ کی۔جھگڑے کے دوران دونوں پارٹیوں کے 10 کارکن زخمی ہوئے ۔پی ٹی آئی کارکنوں نے قریبی دکانداروں پر بھی تشدد کیا، واقعے کے خلاف مقامی تاجروں نے آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں