حافظ آباد ،صحت بخش،متوازن اور ملاوٹ سے پاک خواراک ہر انسان کا بنیادی حق ہے،عدنان ارشد اولکھ

منگل 16 اکتوبر 2018 22:28

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ صحت بخش،متوازن اور ملاوٹ سے پاک خواراک ہر انسان کا بنیادی حق ہے جس کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ٹیم کی صورت میں کام کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارا مذہب ملاوٹ کو سنگین معاشرتی اور اخلاقی جرم قرار دیتا ہے اور آپ ﷺ نے تو یہاں تک فرمایا ہے کہ ملاوٹ کرنے والا ہم میں سے نہیں ہے تاہم انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آج ہمارے بچوں ،خواتین اور عام پاکستانیوں کو کوئی بھی خوردنی چیز خالص نہیں مل رہی ہے جس کا منفی اثر انکی صحت پر واضح نظر آ رہا ہے اور غذائی قلت ،غیر متوازن اور ملا وٹ شدہ خوراک سے بچوں کی ذہانت ،قد اور صحت بُری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کوالٹی فوڈ کی بآسانی دستیابی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور اشیائے خوردونوش میںملاوٹ کرنے والے مافیا سے نمٹنے کے لیے سخت قوانین نافذ کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دودھ ،گوشت ،مصالحہ جات ،گھی ،آئل اور دیگر اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ دہشت گردی کی ہی ایک قسم ہے اور ایسے افراد قطعی طور پر کسی معافی اور رعایت کے حقدار نہیں ہو سکتے جو چند روپوں کی خاطر لوگوں کی صحت اور جان سے کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ورلڈ فوڈ ڈے کی مناسبت سے محکمہ فوڈ کے زیر اہتمام ڈی سی آفس میں منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اے ڈی سی (جی) نعیم اللہ بھٹی ،سی ای او ایجوکیشن محمد امین چودھری ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری،محکمہ خوراک کے افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے تقریب میں شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ غذائی قلت سے تھر میں آج بھی بچوں کی اموات ہو رہی ہیںجبکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد اہم غذائی وٹامنز/نمکیات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق غذائی عدم تحفظ اور غزائیت میں کمی کی وجہ سے پانچ سال سے کم عمر 34فی صد بچے وزن کے لحاظ سے کمزور ،39فی صد بچوں کے قد چھوٹے اور 13.7فی صد بچے سوکھڑے پن کا شکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صاف ستھری ،تازہ خوراک کی دستیابی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جبکہ محکمہ خوراک ،زراعت ،لائیو سٹاک اور دیگر محکموں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صحت بخش خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری ،ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ اور دیگر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صاف ستھری ،ملاوٹ سے پاک خوراک کی دستیابی کے سلسلہ میں مربوط اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے گھروں میں فورٹیفائیڈ آٹا ،آئیوڈین نمک ،وٹامن اے اور ڈی سے گھی اور آئل کے ساتھ بچوں کے لیے انڈا،دودھ ،دہی ،مکھن ،گوشت ،مٹر،پھلیاں ،دالیں ،سبز پتوں والی سبزیاں کے استعمال کی ضرورت اور اہمیت کو بھی اُجاگر کیا ۔انہوں نے کہا کہ خوراک کا ایک ایک دانہ اور پانی کا ہر گھونٹ اللہ تعالیٰ کی بیش قدر نعمتوں میںسے ایک نعمت ہے جس کی قدر کرتے ہوئے اس کو ہرگز ضائع نہ کیا جائے۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو جنک اور فاسٹ فوڈ کی بجائے تازہ پھلوں ،دودھ اور گھر میں پکے ہوئے کھانوں کی طرف راغب کریں تاکہ انکی جسمانی اور ذہنی صحت بہتر ہو سکے۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں