اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن ثابت ہونے پر تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ بورڈ کے کلرک نصر اقبال کو ملازمت سے فارغ کر دیا

جمعرات 14 فروری 2019 19:35

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2019ء) چیئر مین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن ثابت ہونے پر بورڈ کے کلرک نصر اقبال کو ملازمت سے فارغ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے رہائشی نصر اقبال نے کچھ عرصہ قبل طلباء سے اسناد کے اجراء،این او سی،ویری فکیشن کے سلسلہ میں فیسوں کے مد میں ہزاروں روپے بٹورے لیکن فیسیں بورڈ کے اکائونٹ میں جمع کروانے کی بجائے انہیں بنک کی جعلی مہریں لگا کر چالان فارم دے دئیے۔

بورڈ انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ کیس کی بھی انکوائری عمل میں لائی گئی جبکہ مذکورہ کلرک نصر اقبال نے گورنمنٹ گرلز ڈبل سیکشن ہائی سکول حافظ آباد کی طالبات کی اسناد جاری کروانے کے لئے سکول انتظامیہ سے ہزاروں روپے وصول کیے لیکن انہیں بھی بنک کی جعلی مہریں لگا کر رسیدیں تھما دیں واقعہ کی اعلیٰ سطح پر انکوائری اور پنجاب فرانزک لیب سے بھی نصر اقبال کے دستخط اور ہینڈ رائٹنگ کی ویری فکیشن کی گئی جس پر اسکی کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہو گیا۔

(جاری ہے)

نصر اقبال نے بینک کی جعلی مہریں لگا کر نہ صرف متعلقہ بنک اور بورڈ کو مالی نقصان پہنچایا بلکہ طلباء و طالبات کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پنجاب فرانزک لیب اور مختلف انکوئری کمیٹیوں کی رپورٹ کے بعد چیئر مین بورڈ ڈاکٹر مختار احمد نے نصر اقبال کو ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔دوسری جانب متاثرہ افراد نے وزیر داخلہ ، ایف۔آئی۔اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث مذکورہ کلرک نصر اقبال کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کے الزام میں مقدمہ درج کرکے اس سے بنک اور بورڈ کی جعلی مہریں برآمد کی جائیں تاکہ آئندہ وہ کسی سادہ لوح عوام سے فراڈ یا دھوکہ نہ کر سکے۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں