ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اورخوشحالی کا دآرو مدار تعلیم سے وابسطہ ہے،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

جمعہ 22 مارچ 2019 23:14

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اورخوشحالی کا دآرو مدار تعلیم سے وابسطہ ہے۔ چونکہ آج تک جتنی بھی قوموں نے ترقی کی وہ سب تعلیم ہی کی بدولت ہے اگر ہمیں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کرنا ہے تو پھر علم کی روشنی کو ہر سو پھیلانا ہو گا۔

دین اسلام جہاں ہمیں علم کے حصول کا درس دیتا ہے تو وہیں آئین پاکستان میں بھی یہ بات شامل ہے کہ تعلیم کا حاصل کرناسب پر لازم ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا ظہار محکمہ تعلیم کی جانب سے سر کاری سکولوں میں داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن محمد ایوب قاضی،ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (سیکنڈری)عبدالوحید خاں،ڈسٹرکٹ آفیسر ایلیمنٹری ایجوکیشن میڈم ثمینہ یاسمین،ڈسٹرکٹ آفیسر ایلیمنٹری(مردانہ)رائے محمد زمان،ڈپٹی ڈی ای او میڈم صدف خانم،اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین باجوہ سمیت اساتذہ،طلباء و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کر رہی ہے تو وہیں تعلیم میدان میں بھی انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں انکا کہنا تھا کہ سر کاری سکولوں میں میرٹ پرتجربہ کار اساتذہ کی تعیناتی،جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے یہ بات واضح ہے کہ حکومت ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ اور ایک پڑھے لکھے،ہنر مند پاکستان کی تکمیل چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی اس داخلہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے محکمہ کے افسران ،اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ عوام میں تعلیم کے حصول کے لئے شعور اور آگاہی پیدا کریں تاکہ آج کا طالب علم کل کو پاکستان کا ایک روشن مشتقبل ثابت ہو سکے ۔

انکا کہنا تھا کہ داخلہ مہم کے سلسلہ میں عوام میں اگاہی کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں ،سکولوں کے باہر اور شہر کے مصروف مقامات پر بینرز اور فلیکسز بھی لگائیں جائیں تاکہ لوگ اس مہم سے استفادہ حاصل کر سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او محمد ایوب قاضی کا کہنا تھا کہ اس سال ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میںایک لاکھ 68ہزار بچوں کے داخلہ کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جیسے انشاء اللہ پورا کر لیا جائیگا۔

انکا کہنا تھا کہ ضلع کے تمام پرائمری،ایلمنٹری اور سیکنڈری سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کو ہدایات جا ری کر دی گئیں ہیں کہ وہ حکومت کی اس داخلہ مہم کے سلسلہ میں ملنے والے والے ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لئے اپنی ذمہ داری بھر پور طریقہ سے سر انجام دیں۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے سکول آنے والے بچوں کا داخلہ کر کے مہم کا افتتاح بھی کیا۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں