پاسکو کی جانب سے ضلع بھر میں رواں سال ساڑھے نو لاکھ بوری گندم کی خریداری کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

منگل 23 اپریل 2019 23:09

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ پاسکو کی جانب سے ضلع بھر میں رواں سال ساڑھے نو لاکھ بوری گندم کی خریداری کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔ گندم خریداری کے سلسلہ میں ضلع بھر میں 19خریداری مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں باردانہ کے حصول کے سلسلہ میں کسانوں،کاشتکاروں سے درخواستیں وصولی کا کام بھی جاری ہے ۔

25۔اپریل کو ضلع بھر کے ان خریداری مراکز پر کسانوں اور کاشتکاروں کی موجودگی میں درخواستوں کی قرعہ اندازی کی جائیگی جس کے بعد باردانہ کی تقسیم کا مرحلہ شروع کر دیا جائیگا۔انکا کہنا تھا کہ قرعہ اندازی اور باردانہ کی تقسیم کو ہر لحاظ سے شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بنایا جائیگااور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی،غفلت اور لاپرواہی کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاسکو گندم خریداری مراکز کے دورہ پر انتظامات کے جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آمنہ رفیق،اسسٹنٹ کمشنر عباس زوالقرنین،تحصیلدار آصف ورک ،محکمہ پاسکوکے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا نے خریداری مراکز پر تعینات پاسکو اور ریونیو سٹاف کو ہدایت کی کہ باردانہ کے لئے جمع ہونے والی تمام درخواستوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے ۔

درخواستوں کی قرعہ اندازی کسانوں اور کاشتکاروں کی موجودگی میں شفاف طریقہ سے کی جائی تاکہ کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو انہوں نے تمام متعلقہ افسران اور ملازمین کو واضح کیا کہ باردانہ کی تقسیم میں کسی قسم کی کوئی لاپرواہی ،غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور صرف اسی کسان یا کاشتکار کو باردانہ جاری کیا جائیگا جس کا قرعہ اندازی میں نام آئے گاانکا کہنا تھا کہ گندم خریداری کے اس عمل کو ہر لحاظ سے میرٹ کے مطابق شفاف بنانے کے لئے وہ خود اور دیگر افسران پاسکو سنٹرز کا وزٹ بھی کرینگے ۔

علاوہ ازیں محکمہ پاسکو کی جانب سے ضلع بھر میں سولگیں اعوان،اقبال نگر،مدینہ چوک،بوریانوالہ، کالیکی، ساون پورہ، پنڈے باورے،ونیکے تارڑ،دھرنکے لالکے،رامکے چٹھہ،پنڈی بھٹیاں،مچھو نکہ،ٹبہ شاہ بہلول،سکھیکی،کوٹ سرور،بھوبھڑہ،فتح پور،جلاپور بھٹیاں اور ٹاہلی گورائیہ میںخریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں۔تحصیل حافظ آباد میں گندم خریداری کا ٹارگٹ489244اور تحصیل پنڈی بھٹیاں میں460756بوری گندم کی خریداری کا ٹرگٹ مقرر کیا گیا ہے ۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں اعتزاز اسلم نے بھی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے مختلف پاسکو خریداری مراکز کا دورہ کیا اور وہاں پر باردانہ کے لئے درخواستوں کی وصولی کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں