حافظ آباد،دریائے چناب کے حفاظتی بند کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے،نوید شہزاد مرزا

دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ریسکیو آپریشن کیلئے چھ فلڈ ریلیف سنٹرز اور بارہ بوٹنگ پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

منگل 16 جولائی 2019 00:03

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی اور نا گہا نی ئ*صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے تمام محکمے حفاظتی انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل کر لیں۔ دریائے چناب میں کسی بھی ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ریسکیو اینڈ ریلیف کے کاموں کے لیے ضلع بھر میں چھ فلڈ ریلیف سنٹرز اور بارہ بوٹنگ پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کو ہر لحاظ سے پوری کرنے کے لیے الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حافظ آباد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آمنہ رفیق ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں اعتزاز اسلم مارتھ ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صبغت اللہ ، لائیو سٹاک ، ایریگیشن ،ہائی ویز،بلڈنگز ،تعلیم ،سول ڈیفنس ،واپڈا،میونسپل کمیٹیوںسمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے اس لیے تمام متعلقہ محکمے اپنے اپنے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ دریائے چناب کے حفاظتی بند کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کو فوری طور پر مکمل کرلیا جائے جبکہ محکمہ ڈرینج برساتی نالوں کی صفائی اور وہاں پر قائم عارضی تجاوزات کو بھی ختم کروائیں۔

انہوں نے میونسپل کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں سمیت تمام شہری علاقوں کے نالوں کی صفائی کے کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور برسات کے موسم میں سینٹری ورکرز کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر صفائی کے حوالہ سے انکی ڈیوٹیاں بھی لگائی جائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو بھی ہدایت کی کہ تمام فلڈ ریلیف سنٹرز پر ادویات کی فراہمی اور دستیابی کو یقینی بنایا جائے جبکہ محکمہ لائیو سٹاک کے افسران بھی سیلابی علاقوں میں جانوروں کی ویکسنیشن اور فلڈ ریلیف سنٹرز پر جانوروں کی ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

انہوں نے محکمہ ایریگیشن اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ حفاظتی بند کے حوالہ سے سینڈ بیگز کی تیاری کا کام بھی مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آمنہ رفیق نے بتایا کہ ضلعی سطح پر فلڈ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جبکہ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں بھی تحصیل کی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی کی سطح پر نکاسی آب اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس حوالہ سے مشینری بھی فنکشنل ہے ۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122صبغت اللہ نے بتایا ہے کہ کسی بھی ممکنہ سیلاب کے خدشات کے پیش نظر چھ فلڈ ریلیف سنٹرز قادر آباد کالونی،ونیکے تارڑ،خانپور ،جلال پور بھٹیاں ،ٹاہلی گورائیہ اور ٹھٹھی بہلول پور میں قائم کر دیئے گئے ہیںاس کے علاوہ ریسکیو آپریشن کے لیے بارہ بوٹنگ پوائنٹس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فلڈ ریلیف سنٹرز اور بوٹنگ پوائنٹس کے لیے ریسکیو 1122کی جانب سے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور تمام حفاظتی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں