ملک و قوم کی تعمیرو ترقی اورمعاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے اساتذہ کا کردار ہمیشہ سے ہی اہم رہا ہے،نوید شہزادمرزا

دنیا میں آج جتنی قوموں نے بھی ترقی کی وہ سب اساتذہ ہی کی محنت اور قابلیت کی وجہ سے ہے،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد و دیگر کا اظہار خیال

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 19:21

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا،ایم این چودھری شوکت علی بھٹی اور ڈی پی او ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ ملک و قوم کی تعمیرو ترقی اورمعاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے اساتذہ کا کردار ہمیشہ سے ہی اہم رہا ہے دنیا میں آج جتنی قوموں نے بھی ترقی کی وہ سب اساتذہ ہی کی محنت اور قابلیت کی وجہ سے ہے آج اساتذہ کے عالمی دن کے موقعہ پرجہاں انکی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے تو وہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اساتذہ نوجوان نسل کی اس انداز میں تعلیم و تربیت کریں کہ وہ ملک و قوم کے لئے ایک رول ماڈل بنیں،اساتذہ کا اپنا کردار اور شخصیت اس طرح کی ہونی چاہیے کہ لوگ انکی تقلید کریںکیونکہ یہ خود سوسائٹی کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کااظہار اساتذہ کے عالمی دن کے موقعہ پر محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہترین کارکردگی کے حامل سرکاری سکولوں اور ڈسٹرکٹ پبلک سکول کے اساتذہ میں شیلڈز،اعزازی سرٹیفکیٹس اور دیگر انعامات تقسیم کرنے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریبات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عدنان ارشاد چیمہ،ڈی ایم او حافظ محمد سلیمان ،اسسٹنٹ پنڈی بھٹیاں اعتزاز اسلم، سی ای او ایجوکیشن محمد امین چودھری،ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری میاں محمد اسلم،ڈی ای او ایلیمنٹری ملک شوکت علی شاہد،کرنل ریٹائرڈ علی احمد اعوان،پروفیسر محمد ایوب طاہرسمیت افسران،اساتذہ اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا،ایم این چودھری شوکت علی بھٹی اور ڈی پی او ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر آج کے اس دن کو منایا گیا ہے تاکہ ان اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جاسکیں جن کی محنت سے سکولں کے مجموعی نتائج اور طلباء و طالبات نے امتحانات میں بہترین پوزیشنیں حاصل کیںانکا کہنا تھا کہ استاد کو معاشرے میں ایک خاص مقام حاصل ہے کیونکہ یہی وہ شخصیت ہے جس نے دنیا بھر میں قوموں کا نام روشن کیا،آج جو کوئی بھی جس مقام پر پہنچا ہے وہ صرف اور صرف انہی اساتذہ کی محنت کے صلہ ہے ۔

انکا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق اساتذہ کو ہر محکمہ،ادارہ میں خاص عزت و احترام دیا جا رہا ہے ۔اس موقعہ پر سی ای او ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ حافظ آباد کے سرکاری سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کو بہترین کارکردگی اور نتائج کی بنیاد پر حکومت پنجاب کی جانب سے سٹارٹیچرز کے ایوارڈ سے نواز گیا ہے جو نہ صرف ان اساتذہ بلکہ پورے ضلع کے لئے بہت اعزاز کی بات ہے ۔تقریبات میں مہمانوں نے اساتذہ کو شیلڈز اور اعزازی سرٹیفکیٹس بھی دیئے جبکہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کیک بھی کاٹا۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں