جلالپور بھٹیاں، شہری علاقوں میں جانوروں کی خریدوفروخت کے لیے منڈیاں لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

پیر 20 جولائی 2020 15:48

جلالپور بھٹیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عید قرباں کے لیے جانوروں کی خرید فروخت کے لیے شہری آبادیوں سے باہر منڈیوں کے لیے جگہیں مختص کر دی گئی ہیں، کسی کو اندرون شہر جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے منڈیاں لگانے کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی، مقرر کردہ جگہوں کے علاوہ شہری علاقوں میں جانوروں کی خریدوفروخت کے لیے منڈیاں لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، حکومت کی جانب سے منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کے لیے آنے والے افراد کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلہ میں خصوصی ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں اور عوام کو ان حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ منڈیوں میں کم عمر بچوں، بیمار اور عمر رسیدہ افراد کے آنے پر پابندی ہے اور دیگر جو بھی افراد قربانی کے جانورو ں کی خریداری کے لیے منڈیوں میں آئیں وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک، حفاظتی دستانے، سماجی فاصلے اور ہینڈ سینی ٹائزر کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کی تمام بکر منڈیوں میں محکمہ صحت، لائیو سٹاک، میونسپل کارپوریشن، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے بکر منڈیوں میں جانوروں کے لیے اینٹی کانگو وائرس میڈیسن کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدا یت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں