کمشنر گوجرانوالہ اور آر پی اوکاحافظ آباد میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

جمعرات 27 اگست 2020 18:16

جلالپور بھٹیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2020ء) کمشنر گوجرانوالہ سید گلزار حسین شاہ اور آر پی او ریاض نذید گاڑا نے حافظ آباد میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا،ڈی پی او بلال افتخار،ضلعی انتظامیہ،پولیس،رینجرز کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

کمشنر اور آر پی او نے ڈپٹی کمشنر دفتر اور تھانہ سٹی میں بنائے جانے والے کنٹرول رومزکا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے جلوسوں کی گزر گاہوں فوارہ چوک،جلاپور روڑ،قتل گڑھا چوک اور امام بارگاہ حسین پورہ کا بھی دورہ کیا اور امن و مان کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں تسلی بخش قرار دیا۔

(جاری ہے)

کمشنر اور آر پی او کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی انتظامی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہے۔سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ہر لحاظ سے بھر پور اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ انکا کہنا تھا کہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سر دار عثمان بزدار کی سر براہی میں صوبہ بھر میں تمام اداروں کی جانب سے سخت انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور یوم عاشور کے تمام جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے ایک منظم حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔

انہوں نے تمام محکموں کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی میں کسی قسم کی لاپرواہی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے انہیں ضلع بھر کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کی تمام گزر گاہوں کو خار دار تاروں اور آہنی رکاوٹوں سے مکمل سیل کر دیا گیا ہے جبکہ جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جبکہ جدید کیمروں سے تیار کردہ پولیس موبائل وین سے بھی مانیٹرنگ اور ریکارڈنگ کی جا رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں تمام دینی،مذہبی جماعتوں کے علمائے کرام، زاکرین، امن کمیٹی اور دیگر سر کردہ افراد کا اس حوالہ سے ایک مثالی اتحاد و اتفاق پر مبنی تعلق ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شر پسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی کو بھی ضلع کی پر امن فضا کو خراب کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔اس موقع پر امن کمیٹی کے اراکین،امام بارگاہوں کی انتظامیہ نے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ حافظ آباد میں تمام مسالک کے افراد کا ایک دوسرے کے ساتھ بڑا باہمی رابطہ ہے اور انشاء اللہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں اور مجالس کے موقع پر امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلہ میں تمام دینی،مذہبی جماعتوں کے تعلقات بڑے مثالی ہیں۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں