سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی68ویں سالگرہ کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار حافظ آباد میں تقریب کا انعقاد

پیر 21 جون 2021 23:23

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی68ویں سالگرہ کے سلسلہ میں ایک تقریب ڈسٹرکٹ بار حافظ آباد میں منعقد ہوئی ۔ جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما،سابق صدر بار محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ، پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی ضلعی صدر خالدہ شاہد ایڈووکیٹ،سرفراز ارشد چیمہ ایڈووکیٹ، معظم حیات بھون ایڈووکیٹ سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج ملک میں جو جمہوریت نظر آ رہی ہے یہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی مرہون منت ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال نہ ماضی میں ملتی ہے اور نہ آنے والے وقت میں کبھی ملے گی۔ قربانی کے اس مشن کو جس کا آغاز شہید ذوالفقار علی بھٹواور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے کیا تھا پیپلز پارٹی کا ہر کارکن اسے جاری رکھے گا اور ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے آخری دم تک کوشش کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ میزائل ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے پیپلز پارٹی کی خدمات ہمیشہ پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت سے یاد رکھی جائیں گی کیونکہ پیپلزپارٹی کی میزائل ٹیکنالوجی کی بدولت آج پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی کسی بھی ملک میں جرأت نہیں ہے۔اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو کی68ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیااور ان کی روح کو ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی68ویں سالگرہ کے سلسلہ میں دوسری تقرین پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما یٰسین سندھو، ضلعی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید مصدق شاہ غزنوی،سابق صدر بار پی ایم صفدر کھرل، رانا آفتاب اور اکرم مجاہد و دیگر نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عظیم باپ کی عظیم بیٹی نے اقوام عالم میں پاکستان کی عزت اور وقار کو جس انداز میں بلند کرنے کی کوشش کی اس کی مثال ملنا محال ہے۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں